بصرہ میں اہل بیت علیہم السلام فاؤنڈیشن کے پچیسویں رمضانی مقابلے کا اختتام اور فاتحین کی تکریم

عراق کے شہر بصرہ میں قائم اہل بیت علیہم السلام فاؤنڈیشن نے اپنے سالانہ رمضانی مقابلے کی پچیسویں نشست کا کامیاب اختتام کیا، جس میں پورے عراق کے مختلف صوبوں سے بڑی تعداد میں شرکاء نے حصہ لیا۔
مقابلے کے اختتام پر فاتحین کو خصوصی طور پر سراہا گیا اور ان کی تکریم کی گئی۔
یہ مقابلہ ماہِ مبارک رمضان کی پہلی تاریخ سے شروع ہو کر پچیسویں تاریخ تک جاری رہا۔
اس مقابلے کا بنیادی مقصد معاشرے میں دینی شعور کو فروغ دینا اور اہل بیت علیہم السلام کے علوم و معارف کو عام کرنا تھا۔
شیعہ خبر رساں ادارے کے مطابق، یہ مقابلہ واٹس ایپ کے ذریعے روزانہ پانچ سوالات کی صورت میں منعقد ہوتا رہا، اور دینی سرگرمیوں میں دلچسپی رکھنے والے بڑی تعداد میں خواتین و حضرات نے اس میں شرکت فرمائی۔
جوابات کی جانچ پڑتال ایک ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے کی، جس کے بعد بیس افراد کو حتمی فاتحین کے طور پر منتخب کیا گیا۔
شیعہ خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، فاتحین کی تکریم کی تقریب ماہِ شوال کی دوسری تاریخ کو، یعنی عید سعید الفطر کے بابرکت موقع پر منعقد ہوئی۔
یہ پُروقار تقریب قاری حیدر العبودی کی خوبصورت تلاوتِ قرآن پاک سے شروع ہوئی، اس کے بعد ادارے کے سربراہ شیخ صادق البصری نے اپنے خطاب میں اس آیتِ کریمہ کا حوالہ دیا:
وَفِي ذٰلِكَ فَلْيَتَنَافَسِ الْمُتَنَافِسُونَ
"اور اسی میں رغبت کرنے والوں کو رغبت کرنی چاہیے”
انہوں نے پورے سال تلاوتِ قرآن اور عبادت میں استمرار و پابندی کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر فاتحین کو انعامات تقسیم کیے گئے اور بارگاہِ خداوندی میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ ادارے کی تمام دینی و ثقافتی کوششوں کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور ان کا خیر و برکت پورے معاشرے میں پھیلائے۔




