کربلائے معلیٰ میں بچوں اور نوجوانوں کے لئے قرآنی و عقائدی کورسز کا شاندار اختتام

ماہِ مبارک رمضان 1447 ہجری کے اختتام کے ساتھ ہی شہر مقدس کربلا میں بچوں اور نوجوانوں کے لئے منعقد کئے گئے قرآنِ کریم اور عقائد کے خصوصی تعلیمی کورسز اپنے اختتام کو پہنچ گئے۔ ان کورسز میں قرآن سیکھنے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ ممتاز اساتذہ کی موجودگی نے پروگرام کو مزید باوقار بنایا۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ کورسز مؤسسہ ثقافتی و فلاحی مصباح الحسین علیہ السلام کے زیرِ اہتمام اور میڈیا سیٹ امام حسین علیہ السلام کے تعاون سے منعقد کئے گئے، جن میں نئی نسل کو دینی معارف سکھانے کے لیے ایک منظم اور بامقصد نصاب ترتیب دے کر عملی طور پر نافذ کیا گیا۔
یہ کلاسز پورے ماہِ رمضان المبارک کے دوران ہر شب حوزۂ علمیہ سید الشہداء علیہ السلام، کربلا میں منعقد ہوئیں، جن میں بچوں، نوجوانوں اور بعض زائرین نے بھی شرکت کی۔
ان نشستوں کا مقصد عقائدی بنیادوں کو مضبوط کرنا اور قرآنی مفاہیم سے آگاہی میں اضافہ کرنا تھا، جو نہایت روحانی اور تعلیمی ماحول میں منعقد ہوئیں۔
اس پروگرام میں شرکاء کو 10 تعلیمی گروپس میں تقسیم کیا گیا، جہاں 13 اساتذہ کی نگرانی میں قرآنِ کریم کی حفظ، ناظرہ، تجوید، احکام اور اصولِ عقائد کی تعلیم دی گئی۔

طلاب کی مسلسل حاضری اور اہلِ خانہ کی بھرپور دلچسپی اس تعلیمی منصوبے کی نمایاں خصوصیات میں شامل رہی۔
مزید برآں، قرآنی تعلیمات کے ساتھ ساتھ عقائد کے موضوع پر خصوصی نشستیں بھی منعقد ہوئیں، جن میں حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ مصطفی بہرمن نے امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی معرفت اور شناخت کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جسے شرکاء نے نہایت توجہ سے سنا اور اس سے ان کی دینی بصیرت میں اضافہ ہوا۔
یہ تعلیمی کورسز سن 2015 سے کربلائے معلیٰ میں جاری ہے اور رواں رمضان اس کے انعقاد کا بارہواں سال تھا۔ گزشتہ برسوں کے دوران اس پروگرام نے قرآنی تعلیم یافتہ اور مضبوط عقائد رکھنے والی نسل کی تربیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اختتامی تقریب میں قرآن سیکھنے والے بچوں اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ان میں انعامات تقسیم کئے گئے اور ان کی کاوشوں کو سراہا گیا، تاکہ آنے والی نسلوں میں دینی تعلیم کے اس سفر کو مزید فروغ دیا جا سکے۔




