
ممبئی۔ خوجہ شیعہ اثناء عشری جامع مسجد پالا گلی میں 20 مارچ 2026 کو نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید روح ظفر رضوی صاحب قبلہ کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
مولانا سید روح ظفر رضوی نے نمازیوں کو تقوی الہی کی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا: آج ماہ رمضان کا آخری دن ہے اور آج ماہ رمضان کا آخری جمعہ ہے۔ لہذا توجہ رہے کہ اس ماہ میں ہم نے اللہ کی رحمت و برکت سے جو فائدہ اٹھایا ہے وہ پورے سال باقی رہے۔
امام جمعہ ممبئی نے مزید وضاحت کرتے ہوئے فرمایا: ماہ رمضان المبارک جہاد اکبر کا مہینہ ہے۔ اس ماہ میں ہم خوشنودی خدا کے لئے حلال چیزوں سے پرہیز کرتے ہیں لہذا باقی کے ایام میں اللہ کی خوشنودی کے لئے کم از کم حرام چیزوں سے پرہیز کریں۔ جب ہم ماہ رمضان میں دن میں حلال کھانا نہیں کھا سکتے تو پورے سال حرام کھانے سے پرہیز کرنا چاہیے۔
مولانا سید روح ظفر رضوی نے فرمایا: ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ پورے سال ہماری زبان، ہماری آنکھیں، ہمارے کان، ہمارے ہاتھ پیر حرام کے مرتکب نہ ہوں۔ کوشش کریں کہ اس ایک ماہ کی تربیت اور ٹریننگ کا نتیجہ پورے سال ہماری زندگی میں پایا جائے۔
امام جمعہ ممبئی نے فرمایا: جس طرح ہم نے اس ماہ میں قرآن کریم کی تلاوت کی اور اور اس سے اپنی وابستگی ظاہر کی تو ہمیں چاہیے کہ پورے سال قرآن کریم سے اپنی وابستگی برقرار رکھیں اور دوسروں خاص طور سے برادران وطن کو قرآن کریم سے آشنا کریں۔
مولانا سید روح ظفر رضوی نے فرمایا: ماہ مبارک رمضان کا ایک اہم پیغام یہ ہے کہ صرف خود خوشحال زندگی نہ بسر کرو بلکہ دوسروں کی زندگیوں کو بھی خوشحال بنائیں۔ ان کی تکلیف کو محسوس کریں اور ان کی مدد کریں۔
حکم قرآنی "یہود و نصارٰی تم سے راضی نہیں ہوں گے۔” کو بیان کرتے ہوئے مولانا سید روح ظفر رضوی نے فرمایا: افسوس کہ آج اکثر مسلم ممالک اللہ کو راضی کرنے کے بجائے یہود و نصاری کو راضی کرنے میں لگے ہیں۔
جامعۃ الازہر کے حالیہ بیان کا تذکرہ کرتے ہوئے امام جمعہ ممبئی نے فرمایا: افسوس کہ عالم اسلام کی ایک عظیم یونیورسٹی سے ایک ایسا بیان صادر ہوا جس میں ان حکومتوں کی حمایت کا اعلان ہے جو اللہ کو راضی کرنا نہیں چاہتے بلکہ ظالموں اور فاسقوں کو راضی کرنا چاہتے ہیں۔ ہم اس بیان کی مذمت کرتے ہیں۔




