
ایران کی جانب سے دو آئل ٹینکروں پر حملے اور آبنائے ہرمز سے تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے باعث عالمی سطح پر بڑھتی کشیدگی کا اثر ہندوستانی شیئر بازار پر بھی پڑا۔ جمعہ کو بازار میں شدید گراوٹ دیکھی گئی جس کے نتیجے میں چند ہی گھنٹوں میں سرمایہ کاروں کے تقریباً 10 لاکھ کروڑ روپے ڈوب گئے۔
بی ایس ای سنسیکس 1470 پوائنٹس گر کر 74,563 پر اور نفٹی 50، 488 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 23,151 پر بند ہوا۔ اس دوران برینٹ کروڈ کی قیمت تقریباً 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جس سے مہنگائی اور درآمدی اخراجات بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے۔
غیر ملکی سرمایہ کاروں کی مسلسل فروخت بھی گراوٹ کی بڑی وجہ بنی، جبکہ روپیہ بھی کمزور ہو کر ڈالر کے مقابلے میں 92.37 کی ریکارڈ نچلی سطح تک پہنچ گیا۔




