
لکھنو۔ دفتر مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ سے وابستہ مسجد ابو طالب علیہ السلام دوبگا میں جمعۃ الوداع کی نماز مولانا افضل حیدر کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
انہوں نے نماز جمعہ کے خطبہ میں کہا کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ اپنے اختتام کے قریب ہے۔ بڑے سعادت مند ہیں وہ لوگ جنہوں نے اس ماہ مبارک میں پروردگار عالم کی رحمتیں، اس کی عنایتوں سے اپنے دامن کو بھرا۔ جنہوں نے اپنے گناہ بخشوانے کے لئے توبہ و استغفار کیا۔
مولانا افضل حیدر نے مزید کہا کہ جمعۃ الوداع اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ اب صرف چند دن باقی ہیں اور وہ مبارک مہینہ اختتام کے قریب ہے جس میں روزانہ بارگاہ الہی سے بے شمار بندوں کی مغفرت کی جاتی ہے لہذا اس کے احترام میں جو کمی کوتاہی ہو گئی ہو اس پر صدقہ دل سے پروردگار عالم کی بارگاہ میں معافی طلب کی جائے اور جو دن باقی رہ گئے ہیں ان کے قدر کی جائے اور اپنے گناہوں کو بخشوا کر رحمت کی بہاریں حاصل کی جائیں۔




