
ایتھوپیا میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا بڑا حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں اب تک کم از کم 50 افراد ہلاک جبکہ 125 افراد لاپتا بتائے جا رہے ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق یہ واقعہ جنوبی ایتھوپیا کے گامو زون میں پیش آیا جس سے گاشو بابا، کامبا اور بونکے اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں ملبے اور کیچڑ میں دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں اور اب تک ایک شخص کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق بیشتر ہلاکتیں کیچڑ تلے دبنے کی وجہ سے ہوئی ہیں۔
ساؤتھ ایتھوپیا ریجنل اسٹیٹ کے صدر تیلہون کیبیڈے نے اس سانحے پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں کو مسلسل بارش کے دوران محتاط رہنے اور بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ ایتھوپیا میں بارش کے موسم میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔




