کینیڈا میں عالمی مرکز آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی میں شبِ قدر اور مجلسِ شہادت امیرالمؤمنین علیہ السلام کا انعقاد

کینیڈا میں عالمی مرکز آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی اور مرکز اسلامی ایرانیان کنیڈا میں دوسری شبِ قدر کی احیاء اور شب شہادت امام علی علیہ السلام کے موقع پر ایک روحانی اور پُراثر مجلس کا انعقاد کیا گیا، جس میں اہلِ بیت علیہم السلام کے محبین اور مؤمنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یہ پروگرام مغرب و عشاء کی اذان سے قبل قرآنِ مجید کے ایک جز کی تلاوت سے شروع ہوا۔
اس کے بعد نمازِ جماعت ادا کی گئی اور پھر حاضرین کے لئے افطار کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کے اگلے حصہ میں حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ صالح سیبویہ نے قرآنِ کریم اور احادیثِ اہلِ بیت علیہم السلام کی روشنی میں امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کے بلند مقام پر مفصل خطاب کیا اور مولائے متقیان کی شہادت کے مصائب بیان کئے۔
اس کے بعد حاضرین کی شرکت سے شبِ قدر کی مخصوص عبادات ادا کی گئیں، جن میں قرآن سر پر رکھنے کی رسم اور احیائے شبِ قدر شامل تھی۔
پروگرام کے اگلے مرحلے میں خادمِ اہلِ بیت علیہم السلام میرزا احمد سیبویہ نے نوحہ اور مرثیہ خوانی کی، جس سے مجلس کا ماحول امام علی علیہ السلام کی شہادت کی یاد میں غم و اندوہ سے بھر گیا۔
اسی طرح حجۃ الاسلام والمسلمین سید موسیٰ فالی نے اس بابرکت شب کی مخصوص دعائیں حاضرین کے ساتھ مل کر پڑھیں۔
اس تقریب کے حاشیہ میں کبک اور کینیڈا کے معتبر فرانسیسی زبان کے اخبار Le Devoir کے نمائندوں نے حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ صالح سیبویہ سے ماہِ مبارک رمضان، شب ہائے قدر اور حالیہ واقعات کے حوالے سے گفتگو بھی کی۔ اس موقع پر اخبار کے نمائندوں نے تقریب کی تصاویر، ویڈیوز اور رپورٹ بھی تیار کی۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس میڈیا ادارہ کے صحافی پروگرام کے اختتام تک مرکز میں موجود رہے اور انہوں نے تقریب کی مکمل کوریج کی۔




