لبنان

لبنان میں انسانی بحران؛ اسرائیلی حملوں میں شدت کے بعد پانچ لاکھ سے زائد افراد بے گھر

اسرائیل کی جانب سے لبنان پر حملوں کے دوبارہ آغاز اور ملک کے شمالی علاقوں میں جھڑپوں میں شدت کے بعد لبنان میں اندرونی نقل مکانی کی ایک بڑی لہر پیدا ہو گئی ہے جس نے انسانی صورتحال کو ایک سنگین بحران میں تبدیل کر دیا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق فوجی حملوں کی شدت کے باعث 517000 سے زائد افراد اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں اور انہوں نے ملک کے اندر نسبتاً محفوظ علاقوں اور عارضی پناہ گاہوں میں پناہ لے لی ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز اور دیگر بین الاقوامی ذرائع کے مطابق یہ وسیع پیمانے پر نقل مکانی جنوبی لبنان، بیروت کے مضافاتی علاقوں اور کئی دیگر شہروں میں ہونے والی شدید فضائی بمباری کے بعد سامنے آئی ہے۔ امدادی اداروں اور بین الاقوامی ریڈ کراس نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بڑی آبادی کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

ادھر اقوام متحدہ نے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ بے گھر افراد کی تعداد 7 لاکھ تک پہنچ سکتی ہےکیونکہ سیکیورٹی خطرات اور رہائشی ڈھانچوں کی تباہی کے باعث مزید خاندان اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔

اس دوران خواتین، بچوں اور بزرگوں کی صورتحال خاص طور پر تشویشناک بتائی جا رہی ہے، کیونکہ عارضی پناہ گاہوں میں پانی، خوراک اور طبی سہولیات تک رسائی محدود ہے۔ بین الاقوامی امدادی تنظیموں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد میں اضافہ کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ بے گھر افراد کی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button