خبریںعراق

نجف اشرف میں یوم شہادتِ امیرالمومنین علیہ السلام کی زیارت کے لئے خصوصی سیکیورٹی منصوبے کا آغاز

نجف اشرف کی پولیس نے امیرالمومنین امام علی علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر لاکھوں زائرین کی سلامتی اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لئے ایک خصوصی سیکیورٹی منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

عراقی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ منصوبہ 10 سیکیورٹی علاقوں میں نافذ کیا گیا ہے جس میں 600 سے زائد افسران اور 13000 سے زیادہ سیکیورٹی، انٹیلیجنس اور خدماتی اہلکار شریک ہیں۔ ان میں عراقی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ لشکرِ مقاومت امام علی علیہ السلام کے افراد بھی شامل ہیں جو زائرین کی رفت و آمد اور انتظامات کو منظم کرنے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس منصوبہ کے تحت کوفہ سے روضۂ مطہر تک زائرین کے راستوں کو منظم کیا گیا ہے، آمد و رفت کو آسان بنانے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں اور 4 اہم راستے کھولے گئے ہیں تاکہ زائرین کی نقل و حرکت میں سہولت پیدا ہو۔ اس کے علاوہ نجف پولیس کی قیادت اس پورے آپریشن کی براہِ راست نگرانی کر رہی ہے تاکہ زائرین کے لیے سیکیورٹی، آرام اور بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس عظیم مذہبی اجتماع کے بہتر انتظام کے لیے امدادی اداروں، ٹریفک حکام اور مختلف خدماتی اداروں کے ساتھ بھی قریبی رابطہ اور ہم آہنگی قائم کی گئی ہے تاکہ بڑی تعداد میں آنے والے زائرین کی رہنمائی، سہولت اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ اقدام نجف اشرف میں مذہبی مراسم کے انعقاد کے لئے منظم منصوبہ بندی اور زائرین کو بہتر سیکیورٹی، نظم و ضبط اور خدمات فراہم کرنے کی ایک نمایاں مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button