اسلامی دنیاخبریںعراقمقدس مقامات اور روضے

نجف اشرف میں ایامِ شہادت کے دوران امیرالمؤمنین علیہ السلام کے حرم میں زائرین کی وسیع حاضری

امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کے ایامِ شہادت کے موقع پر نجف اشرف میں آپ کے روضۂ مطہر میں اندرونِ عراق اور بیرونِ عراق سے آنے والے عشّاق و زائرین کی غیر معمولی اور وسیع حاضری دیکھنے میں آ رہی ہے، جو انتہائی عقیدت و سوز و گداز کے ساتھ مجالسِ عزا اور سوگواری کی مجالس میں شریک ہو رہے ہیں۔

میڈل ایسٹ نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیرِ داخلہ عبدالامیر الشمری  نے نجف پولیس کی قیادت کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس میں امیرالمؤمنین علیہ السلام کے یومِ ضربت اور یومِ شہادت کی احیاء سے متعلق منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا، تاکہ زائرین کے لئے امن و امان، نظم و ضبط اور انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس اجلاس میں زائرین کی آمد و رفت کے مؤثر انتظام اور ان کی حفاظت و سہولت کے لئے سکیورٹی، انٹیلیجنس اور لاجسٹک تیاریوں پر خصوصی زور دیا گیا۔

وزیرِ داخلہ عراق نے ہدایت دی کہ تمام سکیورٹی اور خدماتی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جائے اور منصوبہ کی کامیاب تکمیل کے لئے چوکسی کی سطح بلند رکھی جائے۔

امیرالمؤمنین علیہ السلام کے یومِ شہادت کی احیاء کا یہ منصوبہ اس مقصد کے تحت نافذ کیا جا رہا ہے کہ لاکھوں زائرین کی حرمِ مطہر میں آمد کو سہل بنایا جائے، آمد و رفت کے راستوں کی نگرانی کی جائے اور سوگواری کی مذہبی رسومات کو منظم انداز میں انجام دیا جا سکے۔

محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام کی یہ عظیم الشان حاضری درحقیقت امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام سے عالمگیر محبت و عقیدت کا روشن مظہر ہے، جو اس حقیقت کو بھی اجاگر کرتی ہے کہ حرمِ علوی لوگوں کے دلوں کو اہلِ بیت علیہم السلام کی محبت کے ساتھ جوڑنے اور روحانی وابستگی کو مستحکم کرنے میں ایک مرکزی اور مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button