ثقافت اور فنخبریں

امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی زندگی، اقوال اور قیادتی کردار پر ایک نظر شہید آیۃ اللہ سید حسن شیرازی کی کتاب "سخنان امام حسن علیہ السلام"

کتاب "سخنان امام حسن علیہ السلام” شہید آیت اللہ سید حسن شیرازی کی ایک اہم تالیف ہے جس میں امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی شخصیت، آپ کی زندگی، احادیث اور عملی کردار کا جامع جائزہ پیش کیا گیا ہے۔

یہ کتاب امام حسن علیہ السلام کی بلاغت، حکمت اور قیادت کے پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے اس عظیم ہستی کے تاریخی اور معنوی مقام کو آج کی نسل کے لئے واضح کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

کتاب میں بیان کیا گیا ہے کہ امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام پندرہ رمضان سن 3 ہجری کو ایک ایسے نورانی خانوادے میں پیدا ہوئے جس کے سرپرست رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تھے۔ آپ کے والد امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام اور والدہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے آپ کی روحانی، اخلاقی اور علمی تربیت میں بنیادی کردار ادا کیا۔

اسی پاکیزہ ماحول میں پرورش پانے والے امام حسن علیہ السلام نے علم، حکمت اور اخلاقِ نبوی کو اپنے وجود میں سمو لیا۔

اس کتاب کے مطالعہ سے یہ حقیقت آشکار ہوتی ہے کہ امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے خطبات اور ارشادات بے مثال فصاحت، عمیق حکمت اور گہری تاثیر کا حسین امتزاج ہیں۔ آپ کی گفتگو نہ صرف اپنے زمانے کے سیاسی و سماجی مسائل کی عکاسی کرتی ہے بلکہ آج بھی انسانی فکر و اخلاق کے لئے رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

شہید آیۃ اللہ سید حسن شیرازی اس کتاب میں یاد دہانی کراتے ہیں کہ زندگی کے سخت تجربات—جیسے رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شہادت، والدہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت اور بعد کے پیچیدہ سیاسی حالات—نے امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی شخصیت کو مزید پختہ اور باوقار بنایا۔ یہی تجربات آپ کے خطابات اور عملی مؤقف میں ظلم کے مقابلے اور حق کے دفاع کی صورت میں نمایاں ہوتے ہیں۔

کتاب میں یہ بھی بیان کیا گیا ہے کہ امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام نے اسلامی معاشرے کی رہنمائی، امت کے اتحاد اور سیاسی اختلافات کے نظم و ضبط کے لیے مسلسل کوششیں کیں۔ انتہائی دشوار حالات کے باوجود آپ نے عدل، حق اور امت کے اجتماعی مفاد کو مقدم رکھا اور اپنے حکیمانہ فیصلوں کے ذریعے اسلامی معاشرے کے استحکام کو برقرار رکھنے کی کوشش کی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button