ایشیاءخبریں

ملائیشیا، برونئی اور فلپائن میں رمضان مبارک می رونق

ماہِ مبارک رمضان ملائیشیا، برونئی اور فلپائن میں مذہبی تقدس، سماجی یگانگت اور اسلامی ثقافت کے دلکش مناظر پیش کر رہا ہے۔

اس سلسلے میں اپنے ساتھی کی رپورٹ کی طرف آپ کی توجہ کی طلبگار ہوں:

ان تینوں ممالک میں مسلمان اجتماعی افطاریوں، روایتی بازاروں اور روشنیوں کی نمائش میں شرکت کر کے ہمدردی، بھائی چارے اور پُرامن بقائے باہمی کا خوبصورت مظاہرہ کر رہے ہیں۔

برونئی میں دارالحکومت بندر سری بگاوان کی تاریخی علی سیف الدین مسجد میں اجتماعی افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے، جہاں عام لوگوں اور سیاحوں کو ایک ساتھ بیٹھ کر روزہ افطار کرنے کا موقع ملتا ہے۔

اناطولیہ نیوز ایجنسی کے مطابق، یہ پروگرام نمازیوں اور مقامی سماج کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ خیراتی کاموں اور اسلامی آداب کی تعلیم کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔

ملائیشیا میں راوانگ کا سانتای پی ٹی بی رمضان بازار اس سال سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

اس بازار کی لمبائی تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر ہے اور اس میں پانچ سو سے زیادہ دکانیں ہیں۔

چائنا ڈیلی کے مطابق، ملائیشیائی باشندے یہاں خریداری کو ایک قسم کی "دوڑ” سے تعبیر کرتے ہیں۔

اتنی وسعت کے باوجود اس بازار میں نمازخانے اور آرام دہ بیٹھنے کی جگہیں بھی موجود ہیں، تاکہ آنے والے سکون سے خریداری اور افطار کر سکیں۔

فلپائن میں مِندانائو کا علاقہ، خاص طور پر ماگیندانائو، روشنیوں سے سجی مساجد اور رات کی افطاری تقریبات کے ساتھ پُرامن بقائے باہمی کا خوشنما منظر پیش کر رہا ہے۔

رائٹرز کے مطابق، ہر رات افطار کے وقت چراغاں کیا جاتا ہے جس سے مقامی آبادی اور سیاحوں کے لیے خوشی اور سکون سے بھرپور ماحول بن جاتا ہے۔

جنوب مشرقی ایشیا کے ان ممالک میں رمضان المبارک محض روزہ رکھنے سے کہیں بڑھ کر ہے۔

یہ مہینہ اجتماعی تجربے، روایتوں کی حفاظت اور سماجی رشتوں کو مضبوط کرنے کا موقع ہے۔ اجتماعی افطاریاں، رنگارنگ بازار اور روشنیوں کی نمائش — یہ سب اسلامی ثقافت کو روزمرہ زندگی سے ہم آہنگ کر کے مسلمانوں میں پُرامن بقائے باہمی کے جذبے کو اور گہرا کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button