
روس نے میٹا کی میسجنگ ایپ واٹس ایپ کو ملک بھر میں باضابطہ طور پر بلاک کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں 10 کروڑ سے زائد صارفین سروس تک رسائی سے محروم ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ایپ کو آن لائن ڈائریکٹری سے نکال کر روسی انٹرنیٹ سے مکمل طور پر خارج کیا گیا ہے۔
روسی حکومت کا کہنا ہے کہ صارفین کو مقامی میسجنگ ایپ "میکس” پر منتقل کیا جائے گا، تاہم اس ایپ میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کی سہولت موجود نہیں۔
دوسری جانب میٹا نے اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس اقدام سے روسی شہریوں کو محفوظ رابطوں سے محروم کیا جا رہا ہے اور ان کی پرائیویسی متاثر ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق روسی حکام نے ٹیلیگرام، فیس بک اور انسٹاگرام تک رسائی بھی محدود کر دی ہے، جبکہ یوٹیوب پر پابندی سے متعلق صورتحال مکمل طور پر واضح نہیں۔ یاد رہے کہ 2025 میں روسی حکام نے واٹس ایپ پر پابندی کا عندیہ دیا تھا، جسے اب عملی جامہ پہنا دیا گیا ہے۔




