امامِ معصوم کی معرفت کا مفہوم یہ ہے کہ انسان یہ جان لے کہ وہ امام ہیں، ہماری دنیا و آخرت کے تمام امور پر احاطہ رکھتے ہیں، اور ہر معاملے میں ان کی پیروی واجب ہے: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی

آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی کا روزانہ علمی جلسہ بروز جمعرات، 16 شعبان سنہ 1447ھ کو منعقد ہوا۔
اس نشست میں سابقہ نشستوں کی طرح، معظم لہٰ نے شرکائے نشست کے مختلف فقہی مسائل سے متعلق سوالات کے جوابات دیے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے امامِ زمانہ علیہ السلام کی معرفت کے مفہوم کے بارے میں فرمایا: امامِ زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی معرفت اور شناخت سے مراد اس امامِ معصوم کی معرفت ہے جس کے زمانے میں انسان زندگی بسر کر رہا ہو۔ ہمارے موجودہ دور میں، جو کہ عصرِ غیبت ہے، اس سے مراد بارہویں امام حضرت مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف ہیں۔
معظم لہٰ نے مزید فرمایا: اگر کوئی شخص بارہویں امام علیہ السلام کو تسلیم کرتا ہے تو لازماً اس نے پہلے گیارہ ائمہ معصومین علیہم السلام کو بھی قبول کیاہے۔ لہٰذا تمام بارہ ائمہ معصومین علیہم السلام کی معرفت اور شناخت حاصل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ روایات سے معرفتِ امام کے مفہوم کے بارے میں یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ انسان یہ یقین رکھے کہ وہ ہستی امام ہے، ہماری دنیا اور آخرت کے تمام امور پر کامل احاطہ رکھتی ہے اور ہر چیز میں اسی امامؑ کی پیروی کرنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے یہ روزانہ علمی نشستیں قبل از ظہر منعقد ہوتی ہیں، جنہیں براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل کے ذریعے یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھا جا سکتا ہے۔




