
لکھنو۔ گذشتہ 45 برسوں کی طرح امسال بھی شبیہ روضہ کاظمین میں 18 شعبان المعظم کو جشن قائم منعقد ہوا۔
مولانا سید عمار کاظم جرولی کے زیر صدارت جشن قائم کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔
مولانا سید عمار کاظم جرولی نے مومنین کو امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی ولادت باسعادت کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے محافل و جشن کے اہتمام و انعقاد اور شرکت کی تاکید کی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہر وہ بات جو اہل بیت علیہم السلام کی عظمت کو کم کرے وہ حق نہیں ہے، اس کا سننا، اس کو نشر اور شیئر کرنا بھی حق نہیں ہے۔
بعدہ شب بھر ملک کے نامور مدعو شعراء نے بارگاہ امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
اس جشن میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر نیر جلال پوری نے انجام دیے۔
واضح رہے کہ 18 شعبان 1402 ہجری (11 جون 1982) کو پہلی بار جشن قائم منعقد ہوا، اس جشن میں 28 برس مولانا سید شوذب کاظم جرولی مرحوم نے صدارت کی اور اس جشن کو نمایاں ترقی دی۔




