آیۃ اللہ العظمیٰ بشیر نجفی نے اسلام آباد میں شیعہ مسجد پر حملے کی شدید مذمت کی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف مؤثر اقدام پر دیا زور

دفتر آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ بشیر نجفی نے شیعہ مسجد “خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیہا” اسلام آباد پاکستان میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے ہولناک حملے کہ جس میں درجنوں نمازی شہید اور زخمی ہوئے، پر ایک شدید مذمتی بیان جاری کیا۔
بیان میں نہتے اور بے دفاع نمازیوں پر حملے کو صریحاً مجرمانہ اور انسانیت سوز اقدام قرار دیتے ہوئے اس المناک واقعے کے شہداء، زخمیوں اور متاثرین کی بے گناہی پر زور دیا گیا اور اس امر کی نشاندہی کی گئی ہے کہ اس قسم کے جرائم کے ذمہ دار عناصر اور ان کے سرپرستوں پر بھاری اخلاقی اور قانونی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ متعلقہ ریاستی و سیکیورٹی ادارے کسی قسم کی نرمی کے بغیر اس حملے کے اہم مجرموں، منصوبہ سازوں، اکسانے والوں اور پشت پناہوں کی نشاندہی کریں اور انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دیں، تاکہ فرقہ وارانہ تشدد کو مزید معاشرتی امن و امان کے لئے خطرہ بننے سے روکا جا سکے۔
دفترِ مرجعیت کی جانب سے دنیا بھر کے مسلمانوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بیداری اور بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتہاپسند عناصر اور شدت پسند گروہوں کو مذہبی جذبات کے ناجائز استعمال کا موقع نہ دیں۔
آخر میں دفتر آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ بشیر نجفی نے اس المناک سانحے کے شہداء کے لواحقین اور تمام متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے نفرت کے اس تسلسل کو روکنے، باہمی ہم آہنگی، رواداری اور پُرامن بقائے باہمی کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔




