
امریکہ کی ریاست ورجینیا میں اسلامک ریلیف یو ایس اے نے ایک وسیع پیمانے پر فلاحی سرگرمی کا انعقاد کیا، جس کے دوران مستحق خاندانوں کے لئے دسیوں ہزار کھانے کے پیکٹس تیار کئے گئے۔
مڈل ایسٹ نیوز کی رپورٹ کے مطابق، اس نیکوکارانہ اقدام میں مختلف عمر کے درجنوں مسلم رضاکاروں نے شرکت کی اور اجتماعی تعاون کے ساتھ بنیادی اور فوری استعمال کے لئے تیار غذائی اشیاء پر مشتمل پیکٹس تیار کئے۔
اسلامک ریلیف یو ایس اے کے ذمہ داران نے اس بات پر زور دیا کہ یہ فلاحی سرگرمی سماجی روابط کو مضبوط بنانے اور ہمدردی و تعاون کے جذبے کو فروغ دینے میں مؤثر کردار ادا کرتی ہے۔
اس نیکوکارانہ عمل میں شریک رضاکاروں نے اسے معاشرے کی خدمت، ضرورت مندوں کی حالت پر غور کرنے اور تعاون و یکجہتی کے جذبے کو مضبوط کرنے کا بہترین موقع قرار دیا۔
خبر رساں ایجنسی ’’اسلامک نیوز‘‘ نے بھی رپورٹ کیا کہ اس دن تقریباً 20 ہزار غذائی پیکٹس تیار کئے گئے، اور یہ اقدام امریکہ میں مسلم معاشرے کے اندر سماجی اور فلاحی سرگرمیوں کی اہمیت کی ایک نمایاں مثال ہے۔




