پورے ہندوستان میں عقیدت و احترام سے منایا گیا یوم ولادت امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف

منجی عالم بشریت حضرت امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کا یوم ولادت باسعادت ہندوستان کے دارالحکومت دہلی سمیت ملک کے تمام شیعہ نشین چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوں میں عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
شب سے ہی محافل کا سلسلہ جاری رہا۔ فریضہ نماز صبح ادا کر کے مومنین نے اپنے مولا کی خدمت میں عریضے پیش کئے۔
دارالحکومت دہلی کے درگاہ شاہ مرداں، مزار شہید رابع، جامع مسجد اوکھلا سمیت دہلی اور اطراف کے دیگر تمام مساجد اور امام بارگاہوں میں محافل اور نذر کا سلسلہ شب سے ہی جاری رہا اور یہ سلسلہ روز ولادت دیر رات تک جاری رہا۔
ممبئی میں خوجہ شیعہ اثناء عشری جامع مسجد، مغل مسجد، امامیہ مسجد سمیت شہر اور اطراف کی دیگر تمام مساجد اور امام بارگاہوں میں محافل منعقد ہوئی۔ نماز صبح کی ادائیگی کے بعد گیٹوے آف انڈیا پہنچ کر مومنین نے سمندر میں عریضے پیش کئے۔
حیدرآباد دکن کی تمام مساجد، عاشور خانوں اور مومنین کے گھروں میں جشن مسرت منعقد ہوا اور نذر کا اہتمام ہوا۔
لکھنو میں مہدی گھاٹ دریائے گومتی پر ہر سال کی طرح امسال بھی بجرہ (کشتی) میں شب بھر محفل ہوئی اور نذر کا اہتمام ہوا۔ نماز صبح کے بعد مومنین نے دریا گومتی میں اپنے عریضے پیش کئے۔ دن بھر محافل اور نذر کا اہتمام رہا اور یہ سلسلہ دیر رات تک جاری رہا۔
اسی طرح ہندوستان کے دیگر شہروں کانپور، جونپور، مچھلی گاؤں سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں محافل اور نذر کا اہتمام ہوا اور مومنین نے ایک دوسرے کو ولادت باسعادت کی مبارکباد پیش کی۔




