امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کا ظہور یقینی ہے اور اس کے خلاف کسی احتمال کی گنجائش نہیں: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی

مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا یومیہ علمی اجلاس بروز منگل، 14 شعبان 1447ھ کو منعقد ہوا۔ اس نشست میں سابقہ نشستوں کی طرح حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔
حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور کے بارے میں فرمایا: امام مہدی علیہ السلام کا ظہور حتمی اور یقینی ہے اور اس کے خلاف کسی بھی احتمال کی کوئی گنجائش نہیں۔
معظم لہ نے مزید فرمایا: امام علی رضا علیہ السلام سے منقول ایک روایت میں آیا ہے کہ جب آپؑ سے سوال کیا گیا تو آپؑ نے فرمایا: ممکن ہے کہ ظہور کی بعض حتمی علامات بھی واقع نہ ہوں، لیکن اس کے باوجود امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کا ظہور ہو جائے، کیونکہ خود ظہور کا ہونا یقینی ہے۔
آپ نے حضرت حجت سلام اللہ علیہ کے ظہور کے حتمی ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: متعدد روایات میں ظہور کے قطعی ہونے پر زور دیا گیا ہے، اس لئے کہ ظہور کی بشارت ایک وعدہ ہے اور قرآن مجید کے سورۂ آلِ عمران آیت 9 کے مطابق: "إِنَّ اللَّهَ لَا يُخْلِفُ الْمِيعَادَ” (بے شک اللہ اپنے وعدے کی خلاف ورزی نہیں کرتا) لہٰذا یہ امر یقیناً تحقق پائے گا، البتہ یہ ممکن ہے کہ ظہور سے متعلق بعض شرائط اور علامات پوری نہ ہوں اور اس کے باوجود ظہور واقع ہو جائے، کیونکہ ظہور کی شرائط اور علامات وعید کے دائرے میں آتی ہیں اور وعید کے عدمِ تحقق کا امکان ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے یہ روزانہ علمی نشستیں قبل از ظہر منعقد ہوتی ہیں، جنہیں براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل کے ذریعے یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھا جا سکتا ہے۔




