اللہ کی رحمت واسعہ امام زمانہ ہیں : مولانا سید رضا حیدر زیدی

لکھنو۔ شاہی آصفی مسجد میں 30 جنوری 2026 کو نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی صاحب قبلہ پرنسپل حوزہ علمیہ غفرانمآب رحمۃ اللہ علیہ لکھنو کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے نمازیوں کو تقوی الہی کی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا: تقوی کا سب سے بڑا دشمن حرام غذا ہے اور حرام غذاؤں میں سب سے بڑی حرام غذا امام حسین علیہ السلام کا مال غصب کرنا، اہل بیت علیہم السلام کے ملکیت کو غصب کرنا ہے۔
دعائے کمیل کا ذکر کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے نمازیوں کو نصیحت فرمائی کہ شب نیمہ شعبان میں دعائے کمیل ضرور پڑھیں۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے دعائے کمیل کے پہلے فقرہ "اے معبود میں تجھ سے سوال کرتا ہوں تیری رحمت کے ذریعہ جو ہر شی پر محیط ہے.” کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: سوال یہ ہے کہ اللہ کی وہ رحمت جو ہر چیز کا احاطہ کئے ہے کون ہے؟ تو زیارت آل یاسین میں حضرت ولی عصر امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کو اللہ کی "رحمت واسعہ” بتایا گیا ہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے مزید وضاحت کرتے ہوئے فرمایا: بحار الانوار میں امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی توقیع "انا تلک الرحمۃ” (میں وہ رحمت ہوں۔) یعنی وہ وسیع رحمت جس کا خدا سے سوال کیا جا رہا ہے وہ ہمارے مولا و آقا امام مہدی صاحب الزمان عجل اللہ فرجہ الشریف ہیں۔
کتاب الاحتجاج میں جناب شیخ مفید رحمۃ اللہ علیہ کے نام امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے خط کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: یہ خط اگرچہ شیخ مفید رحمۃ اللہ علیہ کے نام ہے لیکن اس کا مخاطب ہر زمانے کا شیخ مفید ہے، شیخ مفید رحمۃ اللہ علیہ نے ذمہ داریوں کو ادا کیا تھا، پیغام اہل بیت علیہم السلام کو دنیا تک پہنچایا تھا، باطل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تھا، سوال یہ ہے کہ دور حاضر میں شیخ مفید کون ہیں؟ تو وہ مراجع کرام ہیں۔
شیخ مفید رحمۃ اللہ علیہ کے نام امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی توقیع (خط) کا ذکر کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: جو ولایت سے وابستہ ہوتا ہے عزت پاتا ہے اور جو ولایت سے روگردانی کرتا ہے ذلیل و رسوا ہوتا ہے۔




