بشار اسد کے خاتمہ کے بعد شام تین اعشاریہ پانچ ملین سے زائد غیر ملکی سیاحوں کی میزبانی کر رہا ہے؛ ثقافتی و ورثہ جاتی سیاحت کی واپسی

بشار اسد کے سقوط کے بعد شام میں غیر ملکی سیاحوں کی نمایاں واپسی دیکھنے میں آئی ہے۔
شام کی وزارتِ سیاحت کے اعلان کے مطابق دسمبر 2024 سے نومبر 2025 کے دوران تین اعشاریہ پانچ ملین سے زائد غیر ملکی سیاحوں نے اس ملک کا دورہ کیا ہے۔
شام کے وزیرِ سیاحت مازن الصالحانی نے اس اعداد و شمار کو شام پر ایک ثقافتی اور تاریخی سیاحتی منزل کے طور پر علاقائی اور عالمی اعتماد میں اضافہ کی واضح علامت قرار دیا۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مختلف صوبوں میں امن کی بحالی اور ثقافتی سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز کے باعث اندرونی سیاحت کے شعبہ میں بھی قابلِ ذکر ترقی ہوئی ہے۔
مازن الصالحانی نے مزید کہا کہ یہ مثبت رجحان سیاحت کے استحکام کا سبب بن رہا ہے اور فضائی نقل و حمل اور پائیدار سیاحت کے شعبوں میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔
سیاحت کے ماہرین اس تبدیلی کو کئی سالہ بحران کے بعد شام کی اقتصادی اور ثقافتی ترقی کی راہ پر واپسی کی علامت قرار دیتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں۔




