رسولِ خدا اور امیرالمؤمنین علیہما السلام کی تمام جنگیں دفاعی تھیں: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی

مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور پیر 7 شعبان 1447 ہجری کو منعقد ہوا۔
جس میں گذشتہ جلسات کی طرح حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے رسولِ خدا اور امیرالمؤمنین علی علیہما السلام کی سیرت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اُن جنگوں کے بارے میں جو ان عظیم ہستیوں کے زمانے میں پیش آئیں، اس امر پر زور دیا کہ رسولِ اکرم اور امیرالمؤمنین صلوات اللہ علیہما نے کبھی بھی جہادِ ابتدائی نہیں کیا، بلکہ جو جنگیں ہوئیں وہ سب کی سب دفاعی نوعیت کی تھیں۔
معظم لہٰ نے مزید فرمایا: چونکہ رسولِ خدا اور امیرالمؤمنین صلوات اللہ علیہما کا عملی التزام یہی رہا ہے کہ انہوں نے جہادِ ابتدائی انجام نہیں دیا، اسی بنا پر فقہاء کے درمیان مشہور نظریہ یہ ہے کہ جہادِ ابتدائی مشروع نہیں ہے۔
واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے یہ روزانہ علمی نشستیں قبل از ظہر منعقد ہوتی ہیں، جنہیں براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل کے ذریعے یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھا جا سکتا ہے۔




