ولادتِ امامِ زمانہ علیہ السلام اور شاندار زیارتِ شعبانیہ کی احیا کے لئے زائرین کا پُرجوش پیدل سفر کربلا کی جانب

ایام ولادتِ امامِ زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی آمد کے ساتھ ہی عراق کے مختلف علاقوں سے زائرین کی ایک بڑی تعداد، پیدل اور نیز متعدد قافلوں، مذہبی انجمنوں اور خدمت گزار موکبوں کے ہمراہ شہرِ مقدس کربلا کی جانب روانہ ہو چکی ہے۔
یہ عظیم عبادی و عوامی تحریک اہلِ بیت علیہم السلام سے عشق و وفاداری کی روشن علامت اور اہلِ ایمان کے دلوں کے مابین گہرے روحانی ربط، نیز ثقافتِ انتظار اور زیارت کی احیا کا واضح مظہر ہے۔
اس راستے میں نوجوانوں کی وسیع شرکت، دینی اقدار کے تحفظ اور معنوی روایات کے تسلسل میں نئی نسل کے رُشد کو ظاہر کرتی ہے۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اس ولائی تحریک کے شرکاء نے بتایا کہ بالخصوص صوبہ ذیقار سے بڑی تعداد میں زائرین غیر معمولی جوش و جذبے کے ساتھ پیدل کربلا کی سمت روانہ ہوئے ہیں تاکہ زیارتِ شعبانیہ کی رسومات میں شرکت کر سکیں۔
شرکاء کے مطابق یہ زیارت رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ اور اہلِ بیت علیہم السلام کے آرمانوں سے تجدیدِ عہد اور دینی وفاداری کے جذبے کو مضبوط کرنے کا بہترین موقع ہے۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں موکبوں کے ذمہ داران نے راستوں میں مناسب نظم و ضبط، وسیع خدمات اور زائرین کی ضروریات کی فراہمی کی اطلاع دی ہے۔
شہرِ مقدس کربلا کے سرکاری ذرائع نے بھی زیارتِ شعبانیہ کے لئے آنے والے کثیرالعدد زائرین کے امن و سکون کو یقینی بنانے کی خاطر بروقت سکیورٹی منصوبہ مرتب کئے جانے کی خبر دی ہے۔




