
روس نے مسلم علاقوں میں دینی اور ثقافتی ورثے کو فروغ دینے کے لیے ‘مقدس راہ’ منصوبہ شروع کیا ہے
اس سلسلہ میں ہمارے ساتھی کی رپورٹ ملاحظہ فرمائیں
روس میں ‘مقدس راہ’ منصوبہ ایک اہم اقدام ہے جو اسلامی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ملک کے مختلف علاقوں میں موجود دینی اور ثقافتی ورثے کو دنیا کے سامنے لانا ہے۔
یہ منصوبہ حلال سیاحت کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ مسلمان سیاحوں کو روس میں اسلام کی تاریخ اور مقامی ثقافت میں مسلمانوں کے کردار سے آگاہ کرنا چاہتا ہے۔
روسی خبر رساں اداروں کے مطابق، یہ منصوبہ دینی شناخت، مقامی تاریخ اور مختلف علاقوں کی ثقافت کو آپس میں جوڑتا ہے۔
اس منصوبے میں تاریخی مساجد، دینی مراکز، نمازخانوں اور اسلامی ثقافت سے متعلق جگہوں کی سیر کے ساتھ ساتھ مقامی رسم و رواج کی نمائش بھی شامل ہے۔
حلال کھانے کی فراہمی، مقامی دستکاری کی نمائش اس منصوبے کا حصہ ہے۔ یہ طریقہ سیاحت کو محض تفریح سے بڑھ کر ایک ثقافتی اور روحانی تجربہ بنا دیتا ہے جو مسلمان سیاحوں کے لیے خاص دلچسپی کا باعث ہو سکتا ہے۔
‘مقدس راہ’ کی ایک اور خصوصیت جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال ہے جو سفر کی منصوبہ بندی میں آسانی پیدا کرتا ہے۔
آن لائن پلیٹ فارم، خصوصی ویب سائٹس اور موبائل ایپس سیاحوں کی مدد کرتی ہیں کہ وہ راستے، رہائش کی جگہیں، حلال ریسٹرنت اور دینی مقامات آسانی سے تلاش کر سکیں اور اپنے سفر کی بہتر منصوبہ بندی کر سکیں۔
معاشی لحاظ سے یہ منصوبہ روس کے مختلف علاقوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
سیاحتی سہولیات کی توسیع، نئے روزگار کے مواقع، مقامی کاروبار کی حمایت اور ثقافتی صنعتوں کو فروغ اس کے مثبت نتائج میں شامل ہیں۔
شائع شدہ رپورٹس کے مطابق، روسی سرکاری ادارے بھی اس منصوبے کی حمایت کر رہے ہیں اور اسے دینی سیاحت کی ترقی کی پالیسی کا حصہ سمجھتے ہیں۔
مجموعی طور پر، ‘مقدس راہ’ روس کے ثقافتی اور روحانی پہلو کو دنیا کے سامنے لانے کی کوشش ہے جو اسلامی سیاحت کے نقشے میں اس ملک کی حیثیت کو مضبوط بنا سکتی ہے اور مختلف قوموں اور ثقافتوں کے درمیان مثبت تعامل کا ذریعہ بن سکتی ہے۔




