والدین کی ذمہ داری اور اولاد کی تربیت

مرجع راحل آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد حسینی شیرازی رحمۃ اللہ علیہ
آج کے دور میں اکثر بچے کم عمری اور محدود تجربے کے باعث استعماری تنظیموں اور جماعتوں کی فکری زہر افشانی سے متاثر ہو جاتے ہیں۔ دوسری طرف گمراہ کن نیٹ ورکس اور میڈیا نوجوان نسل کے سامنے طرح طرح کے محرمات کو خوشنما بنا کر پیش کرتے ہیں۔ ناپختہ، کم تجربہ کار نوجوان جوش، ولولے اور تنوع پسندی سے بھرپور ہوتا ہے، اس لیے وہ تیزی سے ان انحرافات کی طرف کھنچ جاتا ہے۔
لہٰذا والدین کی ایک نہایت اہم اور شرعی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ اپنی اولاد کی نگرانی کریں اور انہیں اعتقادی اور اخلاقی انحرافات میں مبتلا ہونے نہ دیں۔ نتیجتاً اولاد کی حفاظت اور دیکھ بھال ماں باپ کی ایک بنیادی ذمہ داری ہے جس پر عمل کرنا ان کے لیے لازم ہے۔
ہماری مراد اولاد کی حفاظت اور نگرانی سے صرف یہ نہیں کہ انہیں نصیحت اور رہنمائی تک محدود رکھا جائے، بلکہ اس کے ساتھ ساتھ انہیں فلاحی و خیراتی تنظیموں اور اداروں سے وابستہ کیا جائے، ان کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں، اور انہیں مسجد، مدرسہ اور کتب خانے سے مانوس کیا جائے۔
(کتاب نظامِ خانوادہ در اسلام، آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد شیرازی رحمۃ اللہ علیہ)



