
اتر پردیش کے ضلع سنبھل میں مظاہرے کے دوران ایک مسلمان شخص کو گولی مارنے کے واقعہ میں پولیس افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دینے والے چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ ویبھانشو سدھیر کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
الہ آباد ہائی کورٹ کے حکم کے تحت انہیں سلطان پور بطور سول جج (سینئر ڈویژن) تعینات کیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ آدتیہ سنگھ سنبھل میں تعینات ہوں گے۔
ویبھانشو سدھیر نے سابق سرکل آفیسر انوج چودھری، کوتوالی انچارج انوج تومر اور دیگر پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات دیے تھے۔
یہ معاملہ نومبر 2024ء میں شاہی جامع مسجد کے سروے کے خلاف احتجاج کے دوران پیش آنے والی فائرنگ سے متعلق ہے، جس میں ایک مسلمان نوجوان زخمی ہوا تھا۔
پولیس نے اس حکم کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
واقعہ کے دوران سنبھل میں تشدد بھی ہوا تھا، جس میں پانچ مسلمان جاں بحق ہوئے تھے۔




