دنیا بھر میں مہاجرین اور بے گھر افراد کی تعداد 123 ملین تک پہنچ گئی

دنیا بھر میں مہاجرین اور بے گھر افراد کی تعداد تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے اور جنگوں، خشک سالی، سیلاب اور قدرتی آفات کے اثرات نے لاکھوں افراد کو اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور کر دیا ہے۔
یہ صورتحال نہ صرف ممالک کے لیے سنگین سماجی اور معاشی چیلنجز پیدا کر رہی ہے بلکہ مہاجرین کی محفوظ واپسی اور جامع منصوبہ بندی کی اہمیت کو بھی اجاگر کر رہی ہے۔
اس سلسلے میں ہمارے ساتھی کی رپورٹ پر توجہ کریں :
دنیا بھر میں مہاجرین اور بے گھر افراد کی تعداد غیر معمولی اضافے کے ساتھ تقریباً 123 ملین افراد تک پہنچ گئی ہے۔
یہ ایسی سطح ہے جو اب تک عالمی تاریخ میں ریکارڈ نہیں ہوئی اور ماہرین کے مطابق، یہ مسلح تصادم، شدید خشک سالی، تباہ کن سیلاب اور دنیا کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر لگنے والی آگ کا براہ راست نتیجہ ہے۔
لاکھوں افراد اپنے گھروں سے بے گھر ہو گئے ہیں اور ان میں سے بہت سے لوگ پڑوسی ممالک اور زیادہ محفوظ علاقوں کی طرف ہجرت کر گئے ہیں۔
تاہم، مہاجرین کو رہائش، صحت، تعلیم اور روزگار تک رسائی میں سنگین پابندیوں کا سامنا ہے اور اس رجحان کے جاری رہنے سے ممالک پر دوگنا معاشی اور سماجی دباؤ پڑ رہا ہے۔
خبر رساں ادارے اناطولی کی رپورٹ کے مطابق، یہ معلومات اقوام متحدہ سے منسلک بین الاقوامی ادارہ برائے ہجرت (IOM) کی ڈائریکٹر جنرل ایمی پوپ کی گفتگو سے سامنے آئی ہیں جو سوئٹزرلینڈ کے شہر داووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
انہوں نے زور دیا کہ حکومتوں کو اپنی ہجرت کی پالیسیوں کو جامع اور 360 درجے کے نقطہ نظر کے ساتھ دیکھتے ہوئے، بے گھر افراد اور مہاجرین کے لیے مؤثر معاونت کے حل فراہم کرنے چاہئیں۔
ایمی پوپ نے ممالک کی معیشت میں مہاجرین کے مثبت کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ لیبر مارکیٹ میں خلاء کو پُر کرنے اور تجربے اور علم کی منتقلی کے ذریعے میزبان ملک اور اصل ملک دونوں کی معاشی ترقی میں مدد کرتے ہیں۔
انہوں نے شام کے شہریوں کی اپنے ملک واپسی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اب تک تقریباً 3 ملین افراد جن میں تقریباً 2 ملین اندرونی طور پر بے گھر افراد اور 1 ملین سے زائد افراد پڑوسی ممالک سے شام واپس آ چکے ہیں۔
ان افراد کی محفوظ واپسی اور شام میں سیکیورٹی اور استحکام کی فراہمی اس ملک کی تعمیر نو اور خطے کے استحکام کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
ماہرین کے مطابق، دنیا بھر میں بے گھر افراد کی تعداد میں اضافہ عالمی برادری کے لیے ایک سنگین انتباہ ہے اور ان گروہوں کی حمایت اور مناسب معاشی و سماجی مواقع پیدا کرنے کے لیے بین الاقوامی مربوط اقدامات کی ضرورت کو پہلے سے کہیں زیادہ لازمی بنا دیتا ہے۔



