
امریکہ کی اسلامی ریلیف تنظیم نے مرکز شِر لیکسنگٹن کے تعاون سے ہفتہ کے روز پہلی مرتبہ غذائی پیکجنگ کا پروگرام منعقد کیا۔
اس موقع پر درجنوں رضاکاروں نے چاول، لوبیا اور خشک کی گئی گاجروں پر مشتمل ہزاروں غذائی پیکٹ تیار کیے، تاکہ اس ریاست کے ضرورت مند افراد کی مدد کی جا سکے اور انسانی و اسلامی اقدار کو عملی شکل دی جا سکے۔
خبر رساں WKYT کی رپورٹ کے مطابق، اس پروگرام کا مقصد 20 سے 30 ہزار غذائی پیکٹ تیار کرنا ہے جو مرکز شِر، گاڈز فوڈ بینک اور دیگر فلاحی اداروں کے ذریعے تقسیم کئے جائیں گے۔
خبر رساں ایجنسی فیڈنگ کینٹکی کے مطابق، اس ریاست میں تقریباً سات لاکھ افراد غذائی قلت اور بھوک کے مسئلہ سے دوچار ہیں۔
اسلامی ریلیف امریکہ کے ترقیاتی و پروگرامز کے کوآرڈینیٹر زاید شعباندری نے تنظیم کی سرگرمیوں کے حوالے سے کہا کہ ہمارا مقصد اپنے مقامی ہم وطنوں کی مدد کرنا اور معاشرے میں ہمدردی اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
مرکز شِر کے فوڈ سروسز کے ڈائریکٹر آرش انصاری نے رضاکاروں کی شرکت اور ضرورت مند افراد کی حقیقی ضروریات کو سمجھنے کو اس پروگرام کی کامیابی کی بنیاد قرار دیا۔




