رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ فتوحات کے لئے نہیں بلکہ انسان کو انسان بنانے کے لئے آئے تھے: مولانا سید رضا حیدر زیدی

لکھنو۔ شاہی آصفی مسجد میں 16 جنوری 2026 کو نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی صاحب قبلہ پرنسپل حوزہ علمیہ غفرانمآب رحمۃ اللہ علیہ لکھنو کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے حضرت ابو طالب علیہ السلام کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا: اگر اہل علم مسلمان اپنی ہی کتابوں (اہل سنت کتب) کا مطالعہ کر لیں تو ان کو حضرت ابو طالب علیہ السلام کے ایمان پر یقین ہو جائے گا۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے مزید فرمایا: شیعہ کتب نہیں بلکہ اپنی غیر شیعہ کتب کا مطالعہ کر لیں تو انہیں حضرت ابو طالب علیہ السلام کے ایمان پر اسی طرح یقین ہو جائے گا جس طرح توحید اور رسالت پر یقین ہے۔ البتہ اس کے لئے ضروری ہے کہ بغض و تعصب کی عینک اتار دی جائے۔ کیونکہ بغض و تعصب انسان کو حق سے دور کر دیتا ہے۔
معروف اہل سنت عالم ابو اسحاق احمد بن محمد بن ابراہیم ثعلبی کی تفسیر میں حضرت ابو طالب علیہ السلام کے منقول اشعار کا ذکر کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: حضرت ابو طالب علیہ السلام نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کو مخاطب کر کے شعر کہا کہ "اللہ کی قسم! یہ سب اگر لشکر بھی جمع کر لیں تب بھی آپ تک نہیں پہنچ سکتے۔ جب تک کہ میں دفن نہیں ہو جاتا۔” غور فرمائیں کہ حضرت ابو طالب علیہ السلام نے کسی بت کی قسم نہیں کھائی بلکہ اللہ کی قسم کھائی ہے جو آپ کے موحد ہونے پر دلیل ہے۔ لیکن افسوس کہ مسلمان حضرت ابو طالب علیہ السلام سے دور ہے اس لئے ہدایت سے محروم ہے نتیجہ میںذلیل و رسوا ہو رہا ہے۔
بعثت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کا ذکر کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ فتوحات کے لئے نہیں آئے تھے بلکہ انسان کو انسان بنانے کے لئے آئے تھے۔ اگر آج عالم اسلام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کی حقیقی سیرت پر عمل پیرا ہو جائے تو سعادت مند ہو جائے گا۔ لیکن افسوس مسلمان غیر ضروری امور میں الجھا ہوا ہے۔
28 رجب امام حسین علیہ السلام کا مدینہ سے سفر کا ذکر کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: یہ اسلام کی ارتقا کا سفر ہے، یہ اسلام کی بقا کا سفر ہے، یہ اسلام کی حفاظت کا سفر ہے۔
سورہ آل عمران، آیت 173 "یہ وہ ایمان والے ہیں کہ جب ان سے بعض لوگوں نے کہا کہ لوگوں نے تمہارے لئے عظیم لشکر جمع کرلیا ہے لہذا ان سے ڈرو تو ان کے ایمان میں اور اضافہ ہوگیا اور انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے خدا کافی ہے اور وہی ہمارا ذمہ دار ہے۔” کو ذکر کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: جو اللہ پر بھروسہ کرتا ہے اور اللہ کو اپنا نگہبان مانتا ہے اس کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے ملکی حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا: یاد رہے کہ یہ استعمار اور انسانیت دشمن نہ کسی سرزمین کے وفادار ہیں اور نہ وہاں کے رہنے والوں کے وفادار ہیں، یہ صرف اپنا فائدہ چاہتے ہیں، لہذا ضروری ہے کہ ہم اپنے ملک میں متحد رہیں کیونکہ ملک کی عزت سے ہی ملت کی عزت ہے۔




