
لکھنو۔ شاہی آصفی مسجد میں 9 جنوری 2026 کو نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی صاحب قبلہ پرنسپل حوزہ علمیہ غفرانمآب رحمۃ اللہ علیہ لکھنو کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے نمازیوں کو تقوی الہی کی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا: دور حاضر میں متکبرین کمزوروں کو اور کمزور کرنا نہیں چاہتے بلکہ ان کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن یاد رہے کوئی کمزوروں کی مدد کرے یا نہ کرے اللہ ضرور مدد کرے گا۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے روایت "کربلا میں امام حسین علیہ السلام نے ایک شخص سے کہا کہ تم ہمارے ساتھ جہاد نہیں کر سکتے کیونکہ تم مقروض ہو، تمہاری گردن پر دوسرے کا حق ہے۔” بیان کرتے ہوئے فرمایا: ماہ رجب اور شعبان میں محفلیں کریں، خوشیاں منائیں لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ کسی کی حق تلفی نہ ہو، کسی کے لئے پریشانی کا سبب نہ ہو۔
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے فرمایا: ہمارے کسی عمل سے کسی کے آرام میں خلل نہ پڑے، کسی کا راستہ نہ رکے، یاد رہے کہ ہمارا عمل ایسا ہو جسے دیکھ کر لوگ ائمہ معصومین علیہم السلام سے قریب ہوں نہ کہ دور ہوں۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: اہل بیت علیہم السلام کے فضائل پڑھنے کا مقصد صرف حصول ثواب نہیں ہے بلکہ ہمیں ان کی سیرت اپنانی چاہیے تاکہ دنیا دیکھے کہ جب چاہنے والے کا کردار ایسا ہے تو مولا کا کیا کردار رہا ہوگا۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے روایت "جناب مالک اشتر رضوان اللہ تعالی علیہ جنگ صفین میں دوران جہاد حاکم شام کے خیمہ کے اتنا قریب پہنچ گئے کہ اس کی سانسیں بھی سننے لگے کہ اگر دو ہاتھ اور جنگ کرتے تو دشمن کا سر لے آتے لیکن اسی وقت مولا کا حکم آیا کہ واپس آ جاؤ تو وہ فوراً واپس ہو گئے۔” بیان کرتے ہوئے فرمایا: ہمیں بھی معصومین علیہم السلام کی مکمل اطاعت کرنی چاہیے، اپنی خواہشات کو کچلنا چاہیے۔ ہمارے کسی عمل سے پڑوسی کو اذیت نہ پہنچے، کسی دوسرے کا حق پامال نہ ہو۔ ہمارے مولا امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف مسکرائیں وہ ہم سے راضی رہیں۔
24 رجب کی مناسبت فتح خیبر اور جناب جعفر طیار علیہ السلام کی حبشہ سے واپسی کا ذکر کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: حبشہ عیسائیوں کا علاقہ تھا اور خیبر یہودیوں کا، حبشہ میں اسلام کا پرچم جناب جعفر طیار علیہ السلام نے نصب کیا اور خیبر میں پرچم اسلام امیر المومنین علیہ السلام نے بلند کیا، دونوں حضرت ابو طالب علیہ السلام کے فرزند ہیں یعنی اسلام کی ہر فتح ابو طالب علیہ السلام کے گھر سے ہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے مزید فرمایا: مسلمانوں نے ابو طالب کے گھر کو چھوڑ دیا اس لئے آج ذلیل و رسوا ہو رہے ہیں۔
نماز جعفر طیار کا تذکرہ کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: یہ نماز اکسیر ہے، مشکلات کے برطرف ہونے کے لئے مجرب ہے، لہذا ہمیں چاہیے کہ یہ نماز پابندی سے پڑھیں۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے امام موسی کاظم علیہ السلام کے دوران تذکرہ ان کی ایک حدیث "جس کی نیت میں حُسن آ جائے اس کے رزق میں اضافہ ہوگا۔” بیان کرتے ہوئے فرمایا: رزق کا تعلق نیک نیتی سے ہے، جعلی تعویذوں سے نہیں۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے مزید فرمایا: نیت کا تعلق زبان یا عمل سے نہیں ہے بلکہ انسان کے قلبی ارادے سے ہے۔ اگر اسی ارادے میں حُسن و خلوص آ جائے تو یہی رزق میں اضافے کا سبب ہے۔




