
"ہمارے بچے ہمارا مستقبل” تعلیمی کانفرنس منعقد
لکھنو۔ باب مدینۃ العلم امیر المومنین امام علی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر وفاق المدارس باب النجف کی جانب سے "ہمارے بچے ہمارا مستقبل” کے عنوان سے آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کے نمائندہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اشرف علی الغروی کے زیر صدارت تعلیمی کانفرنس منعقد ہوئی۔
کانفرنس کا آغاز قاری حافظ مولانا سید محمد عباس نے تلاوت قرآن کریم و حدیث کساء سے کیا۔
کانفرنس میں مکتب المعارج سرفراز گنج لکھنو اور مکتب قرآن و عترت الہ آباد کے بچوں اور بچیوں نے اپنا تعلیمی مظاہرہ پیش کیا۔
مولانا سید احسن نواب نے بارگاہ امیر المومنین علیہ السلام میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
مولانا حیدر رضا اور مولانا سید علی ہاشم عابدی نے مقالہ پیش کیا۔
مولانا سید امیر عباس، مولانا سید سیف عباس نقوی، مولانا سید محمد علی (ادارہ المعارج لکھنو)، مولانا مکاتب علی خان، مولانا سید محمد عباس زیدی واعظ نے تقاریر کیں۔
آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کے نمایندہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اشرف علی الغروی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کی مشہور حدیث "میں علم کا شہر ہوں اور علی (علیہ السلام) اس کا دروازہ ہیں۔” کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے فرمایا: حکیم خدا کے حکیم نبی نے اپنے حکیمانہ کلام میں خود کو علم کا شہر اور مولا علی علیہ السلام کو اس کا دروازہ کہا۔ کیونکہ شہر میں دیوار و دروازہ ہی ہوتا ہے نہ پورے شہر پر چھت ہوتی ہے اور نہ ہی روشندان ہوتے ہیں۔ لہذا اگر کوئی امیر المومنین علیہ السلام کے مقابلے میں چھت یا روشندان کا ذکر کرے تو یہ خلاف عقل ہے۔
مولانا سید اشرف علی الغروی نے دینی تعلیم کی اہمیت اور ضرورت پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے فرمایا: دینی تعلیم سے صرف دین و مذہب کی بقا اور ترویج نہیں ہے بلکہ انسانیت کی بقا ہے۔
انہوں نے مزید فرمایا: اگر ہمارا جوان دینی تعلیم و تربیت سے آراستہ ہوگا تو چاہے ڈاکٹر ہو یا انجینیئر، وکیل ہو یا کسی اور شعبہ میں ہو، وہاں انسانیت کی خدمت کرے گا انسانیت کو پامال نہیں کرے گا۔
مولانا سید اشرف علی الغروی نے حلال اور پاک غذا کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: کھانے پینے میں دو چیزیں اہم ہیں ایک حلال دوسرے پاک، وہی کھانا پانی کھانا چاہیے جو حلال اور پاک ہو۔
آخر مکتب قرآن و عترت، مکتب جناب سکینہ سلام اللہ علیہا، مکتب دار الزہرا سلام اللہ علیہا کے ممتاز بچوں اور بچیوں کو انعامات سے نوازا گیا۔
استغاثہ امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف پر کانفرنس کا اختتام ہوا۔
کانفرنس میں مولانا سید ابو افتخار زیدی، مولانا معجز عباس، مولانا شبیر علی، مولانا سید محمد حسین رضوی، مولانا سید محمد عباس زیدی واعظ، مولانا احسن مہدی، قاری سید محمد عباس، مولانا نجم الحسن، مولانا سید منتظر مہدی نجفی، مولانا منتظر مہدی قمی، مولانا نجف، مولانا تنظیم حیدر، مولانا عامر زیدی، مولانا سید حسن علی نجفی، مولانا تفسیر حسن، مولانا شیخ محمد علی کے علاوہ دیگر علماء اور مومنین نے شرکت کی۔




