ہندوستان

ہندوستان بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا یوم میلاد مولود کعبہ

امیر المومنین امام المتقین غالب کل غالب مطلوب کل طالب مولانا علی ابن ابی طالب علیہ الصلوۃ والسلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر ہندوستان بھر میں عاشقان مولا علی علیہ السلام نے انتہائی عقیدت و احترام اور جوش و خروش سے محفلیں اور نذر منعقد کر کےخوشیاں منائیں۔

ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کی کربلا شاہ مرداں میں جشن مولود کعبہ منعقد ہوا، اسی طرح مصطفی آباد، مسجد باب العلم، مزار شہید رابع، حیدری ہال سمیت تمام مساجد اور امام بارگاہوں میں جشن ولادت منعقد ہوا اور مومنین کے گھروں میں نذر کا اہتمام ہوا۔ جنمیں مومنین و مومنات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اسی طرح حیدرآباد میں بھی تمام مساجد، عاشور خانوں اور مومنین کے گھروں پر جشن امیر المومنین منعقد ہوا اور نذر مولا کا اہتمام ہوا۔

ممبئی میں جشن امیر المومنین علیہ السلام حسب روایت تمام امام بارگاہوں اور مساجد میں منعقد ہوا اسی کے ساتھ ساتھ قدیمی جلوس مسرت بھی برآمد ہوا۔

لکھنو میں قدیمی محفل مسجد تحسین علی خاں میں منعقد ہوئی جس میں اولا شعراء نے بارگاہ امیر کائنات میں کلام پیش کیا، شیعہ یتیم خانہ لکھنو کا قدیمی جشن فرزند خطیب الایمان مولانا سید عمار کاظم جرولی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اسی طرح کالا امام باڑہ پیر بخارا میں محفل منعقد ہوئی جسے مولانا سید علی ہاشم عابدی نے خطاب کیا۔ اس کے علاوہ مومنین کے گھروں پر بھی محافل منعقد ہوئیں اور نذر امیر المومنین علیہ السلام کا اہتمام ہوا جس میں مومنین و مومنات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اسی طرح امروہہ، سرسی، جونپور، بڑاگاوں شاہگنج میں جشن منعقد ہوا۔

المختصر پورے ہندوستان میں جہاں بھی محبان علی علیہ السلام رہتے ہیں وہاں کی فضا خوشگوار اور مسرت بخش نظر آئی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button