امیر المومنین امام علی علیہ السلام جامع شخصیت ہیں: مولانا سید رضا حیدر زیدی

لکھنو۔ شاہی آصفی مسجد میں 2 جنوری 2026 کو نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی صاحب قبلہ پرنسپل حوزہ علمیہ غفرانمآب رحمۃ اللہ علیہ لکھنو کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف، مراجع کرام، آیات عظام اور مومنین کی خدمت میں امیر المومنین امام علی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: امیر المومنین امام علی علیہ السلام کی تصویر فضائل کا مصور قادر مطلق خدا ہے لہذا جس جہت سے بھی فضائل پر نظر کی جائے کہیں کوئی نقص نظر نہیں آئے گا، کمی ڈھونڈنے والوں کی آنکھیں اندھی ہو گئیں لیکن وہ کوئی عیب یا نقص نہ ڈھونڈ سکے۔ امیر المومنین علیہ السلام جامع شخصیت ہیں۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے مزید فرمایا: تجارت ہو یا سیاست، عبادت ہو یا جہاد یا عشق رسول ہو، المختصر ہر جہت سے امیر المومنین علیہ السلام رہتی دنیا تک بشریت کے لئے نمونہ کامل ہیں۔
عشق رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ کا ذکر کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: "جعلت فداک” یعنی میں آپ پر قربان ہو جاؤں، یہ جملہ سب سے پہلے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ
سے امیر المومنین امام علی علیہ السلام نے فرمایا، آپ سے پہلے کسی نے یہ جملہ نہیں کہا تھا۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے شبھہ "امیر المومنین علیہ السلام نے جب اپنے بھائی عقیل کو مطالبہ پر بھی مال عطا نہیں کیا تو وہ کیسے سخی ہوں گے؟” کا جواب دیتے ہوئے فرمایا: امیر المومنین علیہ السلام نے اپنا مال خرچ کر کے سخاوت فرمائی ہے بیت المال پر سخاوت نہیں کی ہے، جناب عقیل نے بیت المال سے مطالبہ کیا تھا اس لئے ان کو نہیں دیا کیونکہ بیت المال تمام مسلمانوں کی امانت ہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے یہ بتاتے ہوئے کہ "رؤوف یعنی جو فورا مدد کرے۔” اور "رحیم یعنی جس کی مدد جاری رہے۔” فرمایا: اللہ کے ان صفات کا دنیا میں اگر کوئی مظہر ہے تو وہ امیر المومنین امام علی علیہ السلام ہیں۔ لہذا اگر کوئی اللہ کی رافت و رحمت کا خواہاں ہے تو وہ امیر المومنین علیہ السلام کے در پر آئے۔
امیر المومنین علیہ السلام کی حدیث "لوگ دو طرح کے ہیں یا تو وہ تمہارے دینی بھائی ہیں یا وہ تمہاری طرح انسان ہیں۔” کو بیان کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: امیر المومنین علیہ السلام سب پر مہربان ہیں، آپ کی مہربانی سب کے شامل حال ہے۔
امیر المومنین علیہ السلام کے بعض خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: امیر المومنین علیہ السلام نے اپنے دشمن کو بھی تڑپا تڑپا کر نہیں مارا، آپ نے اپنے کسی دشمن کو قتل کرنے کے بعد اس کے بدن سے لباس نہیں اتارا، یہی وجہ تھی کہ جب عمرو کی بہن نے اپنے بھائی کے جنازے کو لباس میں دیکھا تو اپنے بھائی پر مرثیہ پڑھنے کے بجائے امیر المومنین علیہ السلام کا قصیدہ پڑھنے لگی۔ امیر المومنین علیہ السلام نے اپنے کسی دشمن کی بھی حرمت پامال نہیں کی۔
امیر المومنین علیہ السلام کی پیروی اور تاسی کی تاکید کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: کاروبار اور تجارت کرنے والوں کو بھی چاہیے کہ وہ امیر المومنین علیہ السلام کو اپنے لئے نمونے عمل قرار دیں، جھوٹ، فریب، دھوکہ دھڑی سے پرہیز کریں، دنیا ہمارے عمل سے کہے کہ یہ امام علی علیہ السلام کے شیعہ ہیں یہ جھوٹ نہیں بولیں گے یہ دھوکہ نہیں دیں گے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: اسی طرح طلاب اور علماء کے لئے بھی ضروری ہے کہ وہ امیر المومنین علیہ السلام کی تاسی کریں۔



