افغان پناہ گزینوں کی ہلاکت پر آزاد تحقیقات کا مطالبہ

افغانستان سے متعلق اقوامِ متحدہ کے خصوصی نمائندہ نے ایران میں افغان پناہ گزینوں کی ہلاکت سے متعلق رپورٹس پر آزاد اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ خاص طور پر افغان سیکیورٹی فورسز کے دو سابق اہلکاروں کے قتل کی اطلاعات کے بعد سامنے آیا ہے۔
ریڈیو پردہ جیسے میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوامِ متحدہ کے اس عہدیدار نے زور دیا ہے کہ ان واقعات کی شفاف انداز میں جانچ کی جائے اور ذمہ دار عناصر کی نشاندہی کر کے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ان ہی رپورٹس کے مطابق ایک شخص کو گذشتہ ہفتہ تہران میں جبکہ دوسرے کو چند ماہ قبل مشہد میں مسلح حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
اگرچہ ایرانی حکام نے ان افراد کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی، تاہم ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ایک مسلح واقعہ میں دو افغان پناہ گزینوں کو نشانہ بنایا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
اسی دوران ’’افغانستان فریڈم فرنٹ‘‘ نے ان واقعات میں طالبان کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔




