ہندوستان: گجرات میں زلزلہ، لوگ گھروں سے باہر نکل آئے
ہندوستان: گجرات میں زلزلہ، لوگ گھروں سے باہر نکل آئے
ہندوستانی ریاست گجرات کے مختلف علاقوں میں آج صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز زمین کی سطح سے تقریباً 10 کلومیٹر کی گہرائی میں بتایا گیا ہے، ابتدائی رپورٹوں کے مطابق ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کا کہنا ہے کہ زلزلہ علی الصبح تقریباً 4:30 بجے آیا۔ چونکہ زلزلے کی گہرائی کم تھی اس لیے شدت کم ہونے کے باوجود جھٹکے واضح طور پر محسوس ہوئے۔ کئی علاقوں میں لوگ نیند سے جاگے اور احتیاطاً اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔
مقامی انتظامیہ کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور کسی بھی ہنگامی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی۔
ماہرین کے مطابق، گجرات کا کچھ حصہ زلزلہ کے حوالے سے نہایت حساس ہے۔ یہ خطہ زلزلہ زون 5 میں شامل ہے جو ملک کا سب سے زیادہ خطرناک اور بلند خطرے والا زون شمار کیا جاتا ہے۔
یہاں ماضی میں بھی شدید زلزلے آ چکے ہیں جس کی وجہ سے یہاں کی عمارتوں اور بنیادی ڈھانچوں کے لیے خاص احتیاطی تدابیر کی ضرورت پر زور دیا جاتا ہے۔




