
لکھنو۔ دفتر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ لکھنو کے ڈائریکٹر اور مرکزی شیعہ چاند کمیٹی کے صدر مولانا سید سیف عباس نقوی نے انتہائی رنج و غم اور شکستہ دل کے ساتھ لکھا کہ حالیہ دنوں میں بہار کے وزیراعلی نتیش کمار کی جانب سے کیا گیا وہ عمل جس میں ایک خاتون کا حجاب نوچا گیا، نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ انسانیت اور وقار کی قدروں کو بھی ٹھیس پہنچاتا ہے۔
حجاب یا برقع مسلم معاشرے کے لئے محض ایک لباس نہیں بلکہ عزت، عقیدہ اور خودداری کی علامت ہے۔ اس پر ہاتھ اٹھانا پورے معاشرے کے جذبات کو مجروح کرنا ہے۔ اس واقعہ نے مسلم سماج کے اندر گہرے دکھ، غصہ اور عدم تحفظ کا احساس پیدا کر دیا ہے۔ خاص طور پر خواتین کے احترام کو لے کر جو تکلیف پیدا ہوئی ہے اسے لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے۔ آپ خود کو ہمیشہ ایک سیکولر اور حساس انسان کے طور پر پیش کرتے رہے ہیں اور اسی وجہ سے ہم میں سے کسی کو بھی آپ سے اس طرح کے رویے کی ہرگز توقع نہیں تھی۔
ہم نتیش کمار سے امید کرتے ہیں کہ وہ ڈاکٹر نصرت پروین کے اہل خانہ کو اپنے دفتر میں مدعو کر کے اپنے اس رویے پر معذرت کا اظہار کریں تاکہ ٹوٹا ہوا بھروسہ دوبارہ بحال ہو سکے اور یہ معاملہ عزت و احترام کے ساتھ ختم ہو سکے۔ ساتھ ہی ان کا تقرری نامہ کے عمل کو مکمل کروا کر یہ پیغام دیں کہ انصاف، احترام اور انسانیت اب بھی سب سے مقدم ہے۔




