خبریںہندوستان

سیرت امیر المومنین علیہ السلام پر عمل سے ہی دنیا میں امن و سکون ممکن ہے: مولانا سید رضا حیدر زیدی

لکھنو۔ شاہی آصفی مسجد میں 19 دسمبر 2025 کو نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی صاحب قبلہ پرنسپل حوزہ علمیہ حضرت غفرانمآب رحمۃ اللہ علیہ لکھنو کی اقتدا میں ادا کی گئی۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے نمازیوں کو تقوی الہی کی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا: ماہ رجب بہترین موقع ہے کہ انسان تقوی اختیار کرے، خود کو بنائے اور سنوارے۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے ماہ رجب کی وجہ تسمیہ بیان کرتے ہوئے فرمایا: رجب کا ایک معنی بزرگ اور عظیم کے ہیں، یہ ان چار حرام مہینوں میں سے ہے کہ جن میں جنگ و جدال اور لڑائی جھگڑا منع ہے۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے ماہ رجب کی مناسبتوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: جشن مولود کعبہ اس طرح منائیں کہ خود مولود کعبہ امیر المومنین علیہ السلام مسکرائیں۔ ہمارا انداز ایسا ہو کہ جسے دیکھ کر امیر المومنین علیہ السلام، امام زمانہ علیہ السلام خوش ہوں، کسی کی توہین نہ ہو، غنا نہ ہو۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے ماہ رجب کے اعمال کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: ماہ رجب کی پہلی جمعرات لیلۃ الرغائب ہے، جس کی نمازیں نیت رجا سے پڑھی جائے گی، اسی طرح اس ماہ میں روزہ ضرور رکھیں چاہے ایک دن ہی روزہ رکھیں، اگر پورے ماہ روزہ رکھیں تو بہت فضیلت ہے۔ بہت ثواب ہے، قیامت کے دن ندا دی جائے گی "این الرجبیون” کہاں ہیں رجب والے؟ تو وہ اٹھیں گے جنہوں نے اس ماہ میں روزہ رکھا ہے، جنہوں نے اس ماہ میں عبادتیں کی ہیں۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی عمل ام داؤد کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: اگر کسی کو کوئی پریشانی ہے تو وہ اس ماہ رجب میں عمل ام داؤد کرے، اس عمل کا طریقہ کتابوں میں لکھا ہے۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے روایت "امام زین العابدین علیہ السلام کے زمانے میں گیہو مہنگا ہو گیا تو کچھ لوگوں نے آپ سے مہنگائی کا شکوہ کیا تو آپ نے فرمایا: گیہوں چاہے سستا ہو یا مہنگا ہو، مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ میرا رازق اللہ ہے۔” بیان کرتے ہوئے فرمایا: دنیا میں مہنگائی بڑھی ہے، ہم اپنی آمدنی کے ذرائع بڑھا سکتے ہیں، چار گھنٹے کے بجائے چھ گھنٹہ کام کر سکتے ہیں۔ اللہ پر بھروسہ کریں وہی رازق ہے۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے دنیا میں امن کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: آج دنیا میں ہر انسان امن کا خواہاں ہے، اور اسی امن کے لئے مہنگے مہنگے اسلحے خرید رہا ہے، جبکہ دنیا میں نہ جانے کتنے لوگ بغیر غذا اور بغیر علاج کے مر رہے ہیں، کیا یہ حکومتوں کی ذمہ داری نہیں ہے کہ وہ اپنے عوام کا خیال رکھیں۔

امیر المومنین امام علی علیہ السلام کی عدالت کا ذکر کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: تاریخی اعتبار سے بھی دنیا کے سب سے بڑے عادل حاکم امیر المومنین امام علی علیہ السلام ہیں، 2006 میں اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری کوفی عنان نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ دنیا کے سب سے بڑے عادل حاکم امیر المومنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام ہیں، عربوں کو مخاطب کر کے فرمایا: تم اپنی ہر پریشانی کا حل سیرت امیر المومنین علیہ السلام میں تلاش کرو۔

ملک میں حجاب کی بے حرمتی اور ماب لیچنگ کا تذکرہ کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: ہم اس کے شدید مذمت کرتے ہیں، جب ہمارے ملک کے آئین نے لباس و حجاب کی اجازت دے رکھی ہے تو کسی کو اپنا قانون نافذ کرنے کا اختیار نہیں ہے، یہ بے حرمتی قابل مذمت ہے اور غیر اخلاقی کام ہے۔

سڈنی آسٹریلیا میں ہوئے حملے کا ذکر کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: یہودی وہاں اپنا تیوہار منا رہے تھے، حملہ ہوا اور کئی یہودی مارے گئے۔ بہرحال ظلم کہیں بھی ہو ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ لیکن یہ بھی سوچنا ہوگا کہ آخر دنیا میں یہودیوں سے اس قدر نفرت کیوں بڑھتی جا رہی ہے۔ ان یہودیوں نے 50 ہزار سے زیادہ معصوم بچوں کا قتل کیا ہے۔ آج غزہ کے حالات دنیا کے سامنے ہیں کہ یہودیوں نے وہاں پر کتنا ظلم کیا ہے کہ فلسطینی گھروں کے بجائے ٹینٹ میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button