عالمی تنظیم برائے نفیِ تشدد کا عالمی یومِ مہاجرین کے موقع پر مہاجرین کے وقار کی حمایت میں بیان

عالمی تنظیم برائے نفیِ تشدد "فری مسلم” نے عالمی یومِ مہاجرین کے موقع پر جاری کردہ ایک بیان میں دنیا بھر میں موجود لاکھوں مہاجرین کی حمایت پر زور دیا ہے۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس تنظیم نے اس بات پر تاکید کی کہ مہاجرین کے حقوق بنیادی انسانی حقوق میں شمار ہوتے ہیں اور انہیں کسی احسان یا رعایت کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مہاجرین کے خلاف نفرت انگیز اور نسل پرستانہ بیانات میں اضافہ اور مسئلۂ مہاجرت کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنا، انسانی حقوق کی سنگین پامالی کا سبب بن رہا ہے۔
"فری مسلم” نے حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی میثاقِ مہاجرت کی پابندی کریں اور تعلیمی، طبی اور قانونی خدمات کی فراہمی کے ذریعہ انسانی بنیادوں پر متبادل پالیسیاں نافذ کریں، تاکہ بالخصوص خواتین اور بچوں سمیت مہاجرین کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
عالمی تنظیم برائے نفی تشدد نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ حکومتیں تنازعات کے خاتمے اور پائیدار ترقی کی حمایت کے ذریعہ بحرانوں کے بنیادی اسباب کے حل کی سنجیدہ کوشش کریں۔




