دہلی میں فضائی آلودگی شدید سطح پر، سخت پابندیاں نافذ
دہلی میں فضائی آلودگی شدید سطح پر، سخت پابندیاں نافذ
هندوستان دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی کی خطرناک سطح کے باعث حکام نے بدھ کو ہنگامی اقدامات نافذ کر دیے۔ تین کروڑ آبادی والے اس شہر میں ایئر کوالٹی انڈیکس مسلسل کئی دن سے 450 سے تجاوز کر چکا ہے۔
کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ نے گریڈیڈ ریسپانس ایکشن پلان کا چوتھا اور آخری مرحلہ متحرک کر دیا ہے۔ نئے اقدامات میں جدید اخراج معیارات پورے نہ کرنے والی گاڑیوں پر پابندی، پرانے ڈیزل ٹرکوں کی داخلے پر روک، تعمیراتی سرگرمیوں کا خاتمہ اور ہائبرڈ تعلیمی نظام شامل ہیں۔
شہری حکومت نے نجی اور سرکاری دفاتر کو 50 فیصد حاضری پر چلانے کا حکم دیا ہے جبکہ باقی عملہ گھر سے کام کرے گا۔ تعمیراتی کام بند ہونے سے متاثرہ مزدوروں کو 10 ہزار روپے مالی معاوضہ دیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق موسم سرما میں کم درجہ حرارت، گاڑیوں کا دھواں اور زرعی فصلوں کی باقیات جلانے سے آلودگی شدید ہو جاتی ہے جو صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔




