6 سال بعد داعش کے بڑے حملے میں 2 امریکی فوجیوں، ایک سویلین ترجمان کی ہلاکت

شام کے شہر پالمیرا میں 6 سال بعد داعش کے بڑے حملے میں 2 امریکی فوجی اور ایک سویلین ترجمان ہلاک ہو گئے، ڈونلڈ ٹرمپ نے بدلہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پینٹاگون نے کہا ہے کہ ہفتے کے روز شام کے شہر پالمیرا کے قریب ایک گھات لگا کر کیے گئے حملے میں امریکی فوج کے دو اہلکار اور ایک امریکی فوجی مترجم ہلاک ہو گئے، جب کہ 3 دیگر امریکی فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔
داعش کے مشتبہ حملہ آور نے گھات لگا کر امریکی اور شامی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا تھا، پینٹاگون کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو اتحادی فورسز نے ہلاک کر دیا ہے، ابتدائی شواہد سے پتا چلا ہے کہ حملہ آور کا تعلق داعش سے تھا، زخمیوں کو امریکی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے القائم الطنف کے قریب امریکی اڈے منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ یہ حملہ داعش کی جانب سے امریکی فوجیوں کے خلاف 2019 کے بعد سے سب سے مہلک حملہ سمجھا جا رہا ہے۔ اس سے قبل آخری بار امریکی فوجیوں کو داعش سے کوئی جان لیوا نقصان 2019 میں ہوا تھا، جب منبج میں ایک خودکش بم حملے میں امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔




