
امریکا کی براؤن یونیورسٹی کے کیمپس میں فائرنگ سے 20 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، شوٹر کی اطلاع پر کھلبلی مچ گئی۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ میں واقع براؤن یونیورسٹی کی انجینرنگ بلڈنگ میں فائرنگ کے واقعے میں 20 افراد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ کو چاروں اطراف سے گھیر کر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا اور مشتبہ شوٹر کی تلاش جاری ہے۔
قبل ازیں فائرنگ کے وقت پبلک سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کے طلباء و طالبات کو محفوظ مقامات پر چھپ جانے کی ہدایت دی گئی تھی۔
یونیورسٹی نے فوری طور پر الرٹ جاری کیا کہ تمام طلبا اپنی کلاس رومز کے دروازے بند کردیں اور فونز کو سائلنس پر لگادیں۔
اس حوالےسے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے ایریا میں فائرنگ کی آوازوں کی اطلاع ملی، جس کے فوری بعد کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے یونیورسٹی کو چاروں اطراف سے گھیر لیا اور مشتبہ شوٹر کی تلاش شروع کردی۔
بعد ازاں رہوڈ آئی لینڈ میں واقع براؤن یونیورسٹی کو فائرنگ کے واقعے کے بعد بند کردیا گیا ہے، خبر ایجنسی کے مطابق امریکا کے تعلیمی اداروں میں فائرنگ کا یہ 70واں واقعہ ہے، براؤن یونیورسٹی میں طلبا کی مجموعی تعداد 11 ہزار ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال 2023 میں امریکی ریاست مشی گن کی ایک یونیورسٹی میں فائرنگ کا ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے تھے۔
امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رات کے وقت پیش آیا تھا حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہو گیا تھا،یونیورسٹی پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر بتایا گیا تھا کہ دو مقامات پر فائرنگ کی گئی جن میں اکیڈیمک بلڈنگ اور اسپورٹس کی عمارت شامل ہے۔




