
اسپین کے علاقے کاتالونیا کی پولیس نے شہر روبی میں ایک شخص کو مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی اور خواتین کے حجاب کو نذرِ آتش کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی نے نیوز روم کے حوالے سے رپورٹ دی کہ ملزم سوشل میڈیا پر “اسپانوی شناخت کے محافظ” کے نام سے سرگرم تھا اور نسل پرستانہ مواد شائع کرنے کے ساتھ ساتھ مسلمان مہاجرین کی ملک بدری کی اپیلیں کر کے انتہاپسندانہ بیانیہ کو ہوا دے رہا تھا۔
نفرت اور امتیاز پر مبنی جرائم کی تحقیقاتی یونٹ کی تحقیقات کے مطابق، ملزم اپنی پرتشدد کارروائیوں کے ذریعہ سماجی امن اور باہمی ہم آہنگی کے لئے سنگین خطرہ بن چکا تھا۔
ادھر الازہر کے انتہاپسندی کے خلاف نگران ادارہ نے بھی حجاب کو جلانے اور مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی کو یورپی معاشروں کے استحکام کے لئے براہِ راست خطرہ قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف قانونی کارروائی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔




