اگر پیٹ مال حرام سے بھرا ہے تو تقوی نہیں آ سکتا: مولانا سید رضا حیدر زیدی

لکھنو۔ شاہی آصفی مسجد میں 12 دسمبر 2025 کو نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی صاحب قبلہ پرنسپل حوزہ علمیہ غفرانمآب رحمۃ اللہ علیہ لکھنو کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے نمازیوں کو تقوی الہی اختیار کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا: ہمیں زندگی کے ہر لمحے میں تقوی کا خیال رکھنا چاہیے اور دعا کرنی چاہیے کہ یہ تقوی ہمیشہ باقی رہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے سورہ احزاب آیت 21 "بے شک تمہارے لئے پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ کی ذات میں (پیروی کیلئے) بہترین نمونہ موجود ہے۔ ہر اس شخص کیلئے جو اللہ (کی بارگاہ میں حاضری) اور قیامت (کے آنے) کی امید رکھتا ہے اور اللہ کو بکثرت یاد کرتا ہے۔” کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف نے فرمایا: "رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کی بیٹی ہمارے لئے بہترین نمونہ عمل ہیں۔” اگر ہم آیت اور حدیث پر غور کریں تو ہمارے لئے واضح ہوگا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ذات بہترین نمونہ عمل ہے، جن کے ذریعہ نجات اور سعادت نصیب ہوگی۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے مزید فرمایا: ایک منزل ہوتی ہے اور ایک راستہ ہوتا ہے، منزل پر پہنچنے کے لئے راستے کا درست استعمال ضروری ہے، اگر کوئی غلط راستے پر چلے گا تو وہ منزل سے دور ہوتا چلا جائے گا، آج ہر کوئی دعوی کر رہا ہے کہ "اسوہ حسنہ” ہمارے پاس ہے، لیکن یاد رکھیں کہ اسوہ حسنہ منزل ہے جس کا راستہ بیت فاطمہ سلام اللہ علیہا ہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے احادیث قدسی "لا الہ الا اللہ میرا قلعہ ہے۔” اور "علی علیہ السلام کی ولایت میرا قلعہ ہے۔” کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: عالم اسلام نے یہی سمجھنے میں غلطی کی اور ولایت اور توحید کو جدا سمجھا جب کہ ولایت اور توحید جدا نہیں ہیں۔
خطبہ فدک میں بحث و فلسفہ توحید کا ذکر کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: "کلمہ لا الہ الا اللہ” کی تاویل "اخلاص” ہے، اخلاص کا روزہ سے ہے اہم تعلق ہے اور یہی روزہ انسان کے اندر تقوی پیدا کرتا ہے۔ یعنی تقوی کا تعلق انسان کی شکم سے ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ اگر پیٹ مال حرام سے بھرا ہے تو تقوی نہیں آ سکتا۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے مزید فرمایا: اگر پیٹ مال حرام سے بھرا ہو تو چاہے کوئی "لا الہ الا اللہ” کہے یا "یا حسین (علیہ السلام)” کہے، فائدہ نہیں پہنچے گا کیونکہ نقلی دوا فائدہ نہیں پہنچاتی ہے۔ اصلی دوا ہی فائدہ پہنچائے گی۔
آخر میں مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: بے شک "لا الہ الا اللہ” قلعہ ہے، "ولایت علی علیہ السلام” قلعہ ہے، "عصمت فاطمہ سلام اللہ علیہا” قلعہ ہے، ان سے جو وابستہ ہوا اسے نجات ملی، لیکن اگر پیٹ میں مال حرام ہے، دوسروں کا مال غصب کیا ہے، اوقاف کو لوٹا ہے تو زبانی نعرے لگانے سے فائدہ نہیں ہونے والا۔




