غزہ میں بارش اور سردی سے آٹھ ماہ کی بچی جاں بحق، خیمہ بستیاں زیرِ آب
غزہ میں بارش اور سردی سے آٹھ ماہ کی بچی جاں بحق، خیمہ بستیاں زیرِ آب
غزہ پٹی میں شدید بارشوں نے سینکڑوں عارضی خیموں کو پانی میں ڈبو دیا، جہاں دو سالہ جنگ کے متاثرہ بے گھر خاندان پناہ گزین ہیں۔ خان یونس میں بارش اور سخت سردی کے باعث آٹھ ماہ کی بچی رہاف ابو جزر خیمے میں پانی بھرنے کے سبب جاں بحق ہوگئی۔
سول ڈیفنس کے مطابق غزہ بھر کی خیمہ بستیوں میں سیلابی پانی داخل ہو چکا ہے اور 2,500 سے زائد امدادی کالز موصول ہوئی ہیں۔ اقوام متحدہ نے بتایا کہ 761 کیمپوں میں رہنے والے 8.5 لاکھ افراد شدید سیلاب کے خطرے میں ہیں، جبکہ کم از کم 3 لاکھ نئے خیموں کی فوری ضرورت ہے۔
ایندھن اور آلات کی تباہی کے باعث بلدیاتی ادارے حالات سے نمٹنے سے قاصر ہیں، جبکہ بارش کے بعد خیموں میں بستر اور کپڑے کئی دن تک خشک نہیں ہوتے۔ جنگ بندی برقرار ہے، مگر بنیادی ڈھانچے کی تباہی نے لاکھوں فلسطینیوں کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔




