جرمن نوجوانوں کا اسلام کی جانب بڑھتا رجحان: رپورٹ
جرمن نوجوانوں کا اسلام کی جانب بڑھتا رجحان: رپورٹ
الجزیرہ کے مطابق، حالیہ برسوں میں جرمنی کے نوجوانوں میں اسلام کی طرف بڑھتے ہوئے رجحان میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ یہ ایک ایسا مظہر ہے جس نے نہ صرف اسلامی مراکز کو حیران کیا ہے بلکہ سکیورٹی اداروں کو بھی فکرمند کر دیا ہے۔ یہ نئی لہر کسی منظم تبلیغاتی مہم کا نتیجہ نہیں، بلکہ نوجوان جرمن نسل کی ذاتی تجربات، میڈیا کے اثرات اور گہری روحانی تلاش کا نتیجہ ہے۔
الجزیرہ کے مطابق جیسے "لیا” کی پہلی اذان سن کر رونا، "ایوا” جو تثلیث کو قبول نہ کر سکی اور اسلام کی طرف راغب ہوئی، اور میکس جو غزہ کے لوگوں کی مزاحمت سے متاثر ہو کر روحانی تلاش میں نکلا، محض سوشل میڈیا پر موجود سیکڑوں ایسے واقعات میں سے چند مثالیں ہیں۔ ٹک ٹاک اور یوٹیوب جیسے پلیٹ فارم نوجوانوں کی ویڈیوز سے بھر گئے ہیں، جہاں وہ اسلام کے راستے پر آنے اور اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیوں کے بارے میں بات کرتے ہیں۔
مطالعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مساجد اور اسلامی مراکز بھی اس لہر کا جواب دینے کے لئے اپنی موجودگی آن لائن بڑھا رہے ہیں اور جرمن زبان میں معتبر اور قابل اعتماد مواد فراہم کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی، جرمنی کے سکیورٹی ادارے خبردار کرتے ہیں کہ کچھ انتہا پسند گروہ اسی پلیٹ فارم کا استعمال نوجوانوں کو راغب کرنے کے لئے کر سکتے ہیں، جس سے اسلامی مراکز کی شفاف اور رسمی سرگرمی کی ضرورت اور بڑھ جاتی ہے۔
دینی اور معاشرتی ماہرین کا کہنا ہے کہ جرمن نوجوان ایک ایسے ماحول میں رہ رہے ہیں جو اضطراب، غیر یقینی اور اخلاقی بحرانوں سے بھرا ہے، اور وہ معنویت، شناخت اور اخلاقی رہنمائی کی تلاش میں ہیں۔ ان کے مطابق، اسلام نوجوانوں کے لئے معنویت، اخلاقی نظم، سماجی تعلق اور فردی ترقی کا ایک ایسا راستہ فراہم کرتا ہے جو جدید مغربی زندگی میں کم دستیاب ہوتا ہے۔
ان عوامل کے علاوہ موجودہ جنگی ماحول نے بھی نوجوانوں کی اسلام میں دلچسپی بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ مظلوم مسلمانوں کے صبر اور استقامت نے نوجوانوں کو ایمان، عدل اور اخلاق کے بارے میں سوالات کرنے پر مجبور کیا اور انہیں اسلام کے مطالعہ کی جانب راغب کیا۔ تاہم ماہرین کہتے ہیں کہ ان واقعات کی وجہ سے پیدا ہونے والی دلچسپی محض آغاز ہے؛ دین کی تبدیلی عام طور پر ایک طویل اور داخلی تلاش کا نتیجہ ہوتی ہے، نہ کہ فوری جذباتی ردعمل۔




