تھائی لینڈ کے کمبوڈیا پر فضائی حملے، کشیدگی میں اضافہ
تھائی لینڈ کے کمبوڈیا پر فضائی حملے، کشیدگی میں اضافہ
تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے، تھائی لینڈ نے کمبوڈیا سے متصل متنازع سرحد پر فضائی حملے کیے ہیں۔ دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر امریکی صدر کی ثالثی میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تھائی فوج کا کہنا ہے کہ کمبوڈین دستوں نے اوبون رتچاتھانی صوبے کے نام یوئن ضلع کے چونگ بوک علاقے میں متعدد مقامات پر پہلے فائرنگ کی، جس میں ایک تھائی فوجی ہلاک اور چار زخمی ہوگئے تھے۔
تھائی فوج کے مطابق شہریوں کے انخلا کی کارروائی بھی جاری ہے، اور انخلاء کے دوران ایک بیمار شہری کی موت کی اطلاع ہے۔ فوج نے تصدیق کی کہ اب تھائی فضائیہ نے ”متعدد علاقوں میں کمبوڈین فوجی ٹھکانوں پر حملوں کا آغاز کیا ہے“۔
کمبوڈیا کی وزارت دفاع کے مطابق تھائی فوج نے علی الصبح دو مختلف مقامات پر حملے کیے، جبکہ کمبوڈین فوج نے کئی روز سے جاری اشتعال انگیزی کے باوجود جواب نہیں دیا۔
تھائی فوج کے مطابق کمبوڈیا نے بی ایم 21 راکٹ داغے جو تھائی شہری آبادی کی سمت فائر کیے گئے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ جولائی میں یہ سرحدی تنازع پانچ روزہ جنگ میں تبدیل ہوگیا تھا، جس میں کم از کم 48 افراد ہلاک اور تین لاکھ افراد کو عارضی طور پر نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا تھا۔ اس دوران دونوں ملکوں نے راکٹ اور بھاری توپ خانوں کا کھلے عام استعمال کیا تھا۔



