کربلا، نجف اور کاظمین میں ائمہ معصومین علیہم السلام کے روضوں میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے جشن ولادت کی تیاریاں

حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کے موقع پر عراق کے مقدس روضوں کو خوبصورت پھولوں اور آرائش سے سجایا گیا ہے۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرم مطہر امام حسین علیہ السلام کے خادمین نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ایام ولادت کے موقع پر پھولوں کی خوبصورت آرائش اور سجاوٹ کے ذریعہ زائرین کے لئے روحانی اور شاندار ماحول تیار کیا۔
یہ اقدام ولادت کی خصوصی تقریبات اور پروگراموں کی تیاری کے ساتھ انجام دیا گیا۔

اسی طرح حرم مطہر امیرالمؤمنین علیہ السلام کے خادمین نے بھی حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کے ایام ولادت کے موقع پر خوشی اور مسرت کے کتبے اور بینرز نصب کرکے صحن علوی کو آراستہ اور مزین کیا۔
کاظمین میں واقع حرم مطہر امامین کاظمین (جوادین) سلام اللہ علیہما کو بھی حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کے ایام ولادت کے موقع پر خصوصی پھولوں کی سجاوٹ سے آراستہ کیا گیا۔

یہ روحانی تقریب جہاں خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے عظیم مقام و مرتبہ کے لئے خوشی اور احترام کا مظہر ہے وہیں زائرین روضوں میں حاضری دے کر سیدہ عالم سلام اللہ علیہا سے اپنی عقیدت اور محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔
یہ تمام تیاریاں زائرین کے لئے روحانی اور باوقار ماحول پیدا کرنے اور ولادت کی خصوصی تقریبات منعقد کرنے کے مقصد سے کی گئی ہیں۔




