امریکہ نے 55 ایرانی شہریوں کو ملک بدر کر دیا
امریکہ نے 55 ایرانی شہریوں کو ملک بدر کر دیا
امریکہ نے مزید 55 ایرانی شہریوں کو ملک بدر کر دیا، ایران کی جانب سے اپنے شہریوں کو امریکا سے بیدخل کئے جانے کی تصدیق کردی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے ملک بدر کیے گئے 55 ایرانی شہری آنے والے دنوں میں ایران پہنچ جائیں گے۔
ایرانی حکام کے مطابق امریکی صدر کی امیگریشن کریک ڈاؤن پالیسی کے تحت یہ ایرانی شہریوں کی دوسری بی دخلی ہے۔
امریکا نے ستمبر میں 400 ایرانیوں کو بیدخل کرنا تھا، اس سے قبل امریکا سے ملک بدر کیے گئے 120 ایرانی شہری دوحہ سے تہران پہنچ چکے ہیں۔
دوسری جانب ایران میں اخلاقی پولیس نے بغیر حجاب خواتین کی شرکت پر میراتھون کے 2 منتظمین کو گرفتار کر لیا۔
رپورٹس کے مطابق ایران میں میراتھون میں بغیر حجاب خواتین کی شرکت پر ایونٹ کے منتظمین کو گرفتار کر لیا گیا، کارروائی اُس وقت عمل میں آئی جب جنوبی ایران کے ساحل کے قریب واقع جزیرہ کِش میں ہونے والی میراتھون کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔
ویڈیو میں سرخ شرٹس پہنے بڑی تعداد میں خواتین کو حجاب کے بغیر دیکھا گیا، تبدیلی کے حامی ایرانیوں نے خواتین کے اس عمل کو سرکاری پابندیوں کے خلاف جرأت مندانہ قدم قرار دیا، جب کہ سرکاری حکام نے اسے قواعد کی خلاف ورزی اور موجودہ نظام کے لیے چیلنج قرار دیا۔
ایران میں عوامی مقامات پر خواتین کا سرڈھانپنا لازمی ہے، 16 ستمبر 2022 میں مہسا امینی نامی لڑکی کی حجاب نہ پہننے پر پولیس حراست میں موت کے خلاف پورے ایران میں مظاہرے شروع ہو گئے تھے، جن میں 68 بچوں سمیت 500 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔




