ہندوستان: کشمیر میں آتشزدگی کے بڑھتے واقعات میں بڑی وجہ ناقص الیکٹرک کمبلوں کا استعمال: محکمہ فائر سروسز
هندوستان: کشمیر میں آتشزدگی کے بڑھتے واقعات میں بڑی وجہ ناقض الیکٹرک کمبلوں کا استعمال: محکمہ فائر سروسز
سری نگر۔ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز حکام نے خبردار کیا ہے کہ کشمیر میں ناقص اور غیر معیاری الیکٹرک کمبلوں کے استعمال میں اضافے کے باعث سردیوں کے دوران آتشزدگی کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ سری نگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں آگ کے واقعات کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔
فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے حکام کے مطابق حالیہ تحقیق سے یہ واضح ہوا کہ متعدد گھروں میں آگ بھڑکنے کی اصل وجہ خراب الیکٹرک کمبل ہی تھے۔ان کے مطابق کم معیار کے ہیٹنگ آلات کا غیر زمہ دارانہ طور استعمال گھروں کو سردیوں میں فائر ٹریپ میں تبدیل کر رہا ہے۔
ماہرین کےمطابق لوگ ان کمبلوں کو گھنٹوں تک یا پوری رات بجلی سے جوڑے رکھتے ہیں جب کمبل غیر معیاری ہوتا ہے تو اس کی اندرونی حرارتی پیلیٹیں حد سے زیادہ گرم ہوجاتی ہیں۔ انسولیشن کمزور پڑ جاتی ہے اور آخر کار یہی کمبل آگ کا سبب بنتا یے۔ محکمے نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ الیکٹرک کمبل صرف بستر گرم کرنے کے لیے استعمال کریں اور سونے سے قبل انہیں مکمل طور پر بند کردیں۔ ایسے میں اچھے معیار کے کمبل بھی 10 سے 15 منٹ کے استعمال کے بعد بند کر دئیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بازار میں فروخت ہونے والے بیشتر ناقص الیکٹرک کمبل کم معیار کی وائرنگ اور ناقص انسولیشن سے تیار کئے جاتے ہیں۔ جو بار بار گرم ہونے سے جلد خراب ہوجاتے ہیں۔ وولٹیج میں اتار چڑھاؤ، گھروں کی پرانی وائرنگ اور کٹ آف سسٹم کا نہ ہونا آگ لگنے کے خطرے میں مزید اضافہ کرتا ہے، جبکہ اندرون تاریں غیر متوازن طور پر گرم ہونا شروع ہوتی ہیں اور بعض اوقات آگ بھڑک اٹھتی ہے۔
فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے حکام کے مطابق دوران تحقیق یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سری نگر اور وادی کے دیگر علاقوں میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعات براہ راست گرم ہوکر خراب ہونے والے الیکٹرک کمبلوں سے جڑے پائے گئے ہیں۔ بہت سے گھروں میں کمبل آگ پھیلنے کے باوجود بھی بجلی سے جڑے ہوتے ہیں۔
فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے حکام نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی کمبل سے جلنے کی بو آئے، حرارت میں غیر معمولی ہو یا تاریں باہر نظر آئیں تو فوراً اسے استعمال کرنا چھوڑ دیں۔ ایسے میں الیکٹرک کمبلوں کو سختی سے موڑنے، ان پر بھاری چیزیں رکھنے یا نمی کی سطح پر استمعال کرنے سے بھی منع کیا ہے۔ کیونکہ یہ عمل ان کے اندورن سسٹم کو خراب کرکے آگ کے امکانات بڑھا دیتا ہے۔




