کیوبیک میں عوامی عبادت اور چہرہ ڈھانپنے پر مجوزہ پابندی، شدید ردِعمل سامنے آ گیا
کیوبیک میں عوامی عبادت اور چہرہ ڈھانپنے پر مجوزہ پابندی، شدید ردِعمل سامنے آ گیا
کیوبیک کی حکومت نے ایک نیا متنازعہ سیکولر ازم بل متعارف کرایا ہے، جس کے تحت عوامی مقامات پر دعا یا عبادت اور چہرہ مکمل طور پر ڈھانپنے پر پابندی عائد کی جائے گی۔ برطانوی اخبار "دی گارڈین” کے مطابق، اس فیصلے نے مسلم کمیونٹی، انسانی حقوق کے کارکنوں اور حتیٰ کہ صوبے کے کیتھولک بشپ حضرات کی جانب سے بھی شدید مخالفت کو جنم دیا ہے۔مجوزہ قانون، جسے بل 9 کہا جا رہا ہے، کے تحت عوامی سڑکوں، پارکوں، یا کالجوں اور جامعات کے اندر اجتماعی دعا پر پابندی ہوگی، جب تک کہ بلدیاتی حکام سے پیشگی اجازت نہ لی جائے۔ خلاف ورزی کی صورت میں گروہوں پر 1,125 کینیڈین ڈالر تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ قانون کے مطابق چہرے کو مکمل طور پر ڈھانپنے والی نقاب یا برقعہ جیسی چیزوں پر بھی سکولوں، سبسڈی والے ڈے کیئر سینٹروں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پابندی ہوگی۔حکومت، جسے کوالیژن آوینیئر کیوبیک (Coalition Avenir Québec) چلا رہی ہے، کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سیکولر نظام اور عوامی نظم و ضبط کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔ حکومتی عہدیداروں کے مطابق، ماضی میں سڑکوں پر ہونے والی دعائیں “اشتعال انگیزی” کے مترادف تھیں۔تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ قانون مذہبی اقلیتوں، خصوصاً مسلمانوں کو نشانہ بناتا ہے اور مذہبی آزادی کو خطرے میں ڈالتا ہے۔کیوبیک کے کیتھولک بشپوں نے اس بل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ “آبادی کے بنیادی حقوق و آزادیوں پر سخت حملہ” ہے اور مذہبی برادریوں کو عوامی زندگی سے مٹانے کے مترادف ہوگا۔مسلم تنظیمیں اور انسانی حقوق کے ادارے، بشمول کینیڈین کانسٹی ٹیوشن فاؤنڈیشن (Canadian Constitution Foundation)، کا موقف ہے کہ یہ قانون آئین میں درج مذہب، اظہارِ رائے اور اجتماع کی آزادیوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے حکومت سے اس بل پر ازسرِنو غور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔بڑی شہروں میں عوامی مظاہرے بھی شروع ہو گئے ہیں۔ شہریوں اور کارکنوں کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات مذہبی اقلیتوں اور حکومت کے درمیان اعتماد کو نقصان پہنچائیں گے اور معاشرتی تناؤ میں اضافہ کریں گے، بجائے اس کے کہ شمولیت اور ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، اگر یہ بل منظور ہو گیا تو کیوبیک میں مسلمانوں اور دیگر مذہبی برادریوں کی مزید حاشیہ بندی کا خطرہ بڑھ جائے گا۔



